راولپنڈی (نمائندہ جنگ) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس جواد حسن نے الیکشن کمیشن کی طرف سے پی ٹی آئی رہنما چوہدری فواد حسین کو جاری نوٹس پر کارروائی سے روکتے ہوئے سات ستمبر کیلئے نوٹس جاری کردیا ہے۔ چوہدری فواد حسین کی طرف سے الیکشن کمیشن کی طرف سے توہین کمیشن کے نوٹس کو چوہدری فیصل ایڈووکیٹ کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی میں چیلنج کیا ہے۔ رٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے۔ توہینِ عدالت کا اختیار صرف اعلیٰ عدالتوں کو حاصل ہے۔ آئین میں دیئے گئے مخصوص اختیارات عام قانون سازی کے تحت دوسرے اداروں کو تفویض نہیں کئے جاسکتے۔