گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سابق گورنر پنجاب، سرور فائونڈیشن، گرینڈ اوورسیز کلب اور پنجاب نیٹ ورک کے سربراہ چوہدری محمد سرورجو برطانیہ میں ہیں اور پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے دن رات فنڈز جمع کرنے میں مشغول ہیں، نے ہملٹن کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں چیرٹی ڈنر منعقد کیا جس میں کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا دو تہائی حصہ سیلاب میں ڈوب چکا ہے، چاروں صوبوں میں سیلابی اور بارشوں کے پانی نے غیر متوقع طور پر تباہی پھیلائی ہے، اس سے ہونے والی مالی و جانی نقصان کا اندازہ کرنا نہایت مشکل ہے،بستیوں کی بستیاں پانی کے ریلے میں بہہ گئی ہیں، سیلاب سے سندھ اوربلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جب کہ سوات، دیر اور کالام بارش سے تباہی کا شکار ہیں، ہم سب کا فرض ہے کہ ابتر اور آزمائش کی اس گھڑی میں مدد کیلئے بھرپور طور پر حصہ لیں۔ چوہدری محمدسرورنے بتایا کہ ان کے زیرسرپرستی تمام تنظیمیں دن رات سیلاب زدگان کی مدد کے لئے کام کر رہی ہیں۔ 190ادارے پنجاب نیٹ ورک کے تحت پوری طرح مصروف عمل ہیں، مجھے فخر ہے کہ چند دن پیشتر میں نے ابتدائی طور پر 30پونڈ کی لاگت سے 6افراد کے خاندان کے لئے ایک لاکھ راشن بیگ کا جو ٹارگٹ مقرر کیا تھا اللّٰہ کی مہربانی اور آپ کی دعاؤں سے آدھا پورا کر لیا ہے، اس کے پیک بنا کر ٹرکوں پر لوڈ کئے جا رہے ہیں،جہاں ہم نہیں جاسکتے کار خیر میں پاکستانی افواج اور رینجرز کے جوان بھرپور مدد کر رہے ہیں، وہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سامان پہنچا رہے ہیں ۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ہم صرف فوری ضرورت کا سامان پہنچا رہے بلکہ مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگا رہے ہیں، خیمے اور کپڑے مہیا کرنے کا پروگرام تیار کر رہےہیں اور پینے کا صاف پانی مہیا کر رہے ہیں۔ سیلاب کے بعدبڑےپیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خطرہ ہے اس کے لئے حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں۔ تقریب میں تھوڑی سی دیر میں ہی 85 ہزارپونڈ جمع ہوگئے، جب کہ الخیر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا قاسم جو کہ تقریب میں مہمان خصوصی کےطور پر شریک تھے، نے اپنےادارے کی طرف سے جمع کردہ رقم کا دوگنا یعنی ایک لاکھ 65 ہزار دینے کااعلان کیا اور یوں مجموعی طور پر آدھے گھنٹے کے کم وقت میں اڑھائی لاکھ پونڈ جمع ہوگئے۔ تقریب سے ریاض خوشی، سید ناصر جعفری، مرزا سرفراز، ریاض قریشی اور امین مرزا نے بھی خطاب کیا۔