• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کیلئے خصوصی تعلیمی پیکیج کا فیصلہ

اسلام آ باد (آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کیلئے خصوصی مراعات کا بڑا پیکج دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کے تعلیمی مستقبل کو بچانے کے لئے خصوصی مراعات کے بڑے پیکج کی تیاری کا حکم دے دیا ہے جس میں فیسوں کی معافی، انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبا کے لئے خصوصی وظائف کا اجرا شامل ہوگا،تعلیمی اداروں میں عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس پیکج پر عمل درآمد کے طریقہ کار کے لئے وزارت تعلیم اور ہائیر ایجوکیشن کمشن نے مل کر کام شروع کردیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں تعلیمی پیکج تیار کیا جارہا ہے جس کے تحت سیلاب متاثرہ تمام علاقوں کے طالب علموں کو مختلف مراعات دی جائیں گے۔ ان مراعات میں یونیورسٹی کی واجب الادا فیسوں کی وصولی مؤخر کرنا شامل ہے۔ علاوہ ازیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبا کے لئے خصوصی اسکالرشپ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ دریں اثنا تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کے لئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کے چئیرمین کے علاوہ وزارت تعلیم کے اعلی حکام، منسلکہ اداروں کے سربراہان، وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک بھر میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ملک بھر سے سے مزید