• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرینا ولیمز کی راجر فیڈرر کو ریٹائرمنٹ کلب میں خوش آمدید

تصویر بشکریہ انسٹاگرام
تصویر بشکریہ انسٹاگرام

امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کی جانب سے سوئٹزرلینڈ کے مایہ ناز ٹینس  کھلاڑی راجر فیڈرر کو ریٹائرمنٹ  کلب میں خوش آمدید کہا گیا ہے۔

راجر فیڈرر کی جانب سے کیے گئے گزشتہ روز ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سرینا ولیمز نے اِن کے لیے سوشل میڈیا پر ایک نوٹ شیئر کیا ہے۔

سرینا ولیمز نے راجرفیڈرر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے ایک بہترین موقع تلاش کر رہی تھی، شاید یہ وہی موقع ہے۔

سرینا نے راجر کے کھیل اور اُن کے کیریئر کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے ہمیشہ آپ سے سیکھا اور آپ کی تعریف کی ہے، ہمارے راستے ہمیشہ ایک جیسے تھے، بہت زیادہ ایک جیسے، آپ نے مجھ سمیت لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے، ہم آپ کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

سرینا ولیمز کا مزید کہنا تھا کہ میں آپ کی تعریف کرتی ہوں اور مستقبل میں آپ کیا کریں گے میں یہ دیکھنا چاہوں گی، آپ کا شکریہ اور ریٹائرمنٹ کلب میں خوش آمدید راجر۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹینس کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی راجر فیڈرر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں 41 سالہ ٹینس اسٹارکا کہنا تھا کہ میرے جسم نے مجھے واضح پیغام دے دیا ہے، میں نے 24 سال میں 1500 سے زائد میچز کھیلے اور اب مجھے سمجھنا چاہیےکہ کیریئر کو کہاں ختم کرنا ہے۔

فیڈرر کا کہنا تھا کہ میں کھیل سے محبت کرتا ہوں اور اسے کبھی نہیں چھوڑوں گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید