پھیپھڑے جسم کے اہم اعضاء میں سے ایک ہیں۔ ان کی شاخوں کی مانند نالیوں کے ذریعے سانس لینے کے دوران ہوا پھیپھڑوں میں داخل ہوتی ہے۔ پھیپھڑوں کا بنیادی کام گیس کے تبادلے کا عمل ہے، جسے سانس لینا (repiration) کہتے ہیں۔ سانس لینے کے دوران، آنے والی ہوا سے آکسیجن خون میں داخل ہوتی ہے، اور کاربن ڈائی آکسائیڈ (میٹابولزم سے خارج ہونے والی گیس) خون سے نکل جاتی ہے۔ پھیپھڑوں کی کارکردگی یا کام میں کمی کا مطلب پھیپھڑوں کی گیسوں کے تبادلے کی صلاحیت کم ہونا ہے۔
پھیپھڑے جسم کے درجہ حرارت سے مطابقت رکھنے کے لیے ہوا کو گرم کرتے اور اسے جسم میں نمی کی ضرورت کی سطح تک موئسچرائز کرتے ہیں۔ یہ جسم میں ہوا کے راستوں (ایئر ویز) کو نقصان دہ مادوں اور جلن سے بچاتے ہیں۔ لہٰذا، اس عضو کے اہم ترین کام سرانجام دینے کی وجہ سے اس کی نگہداشت بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ اسے بیماریوں سے بچایا جاسکے۔
پلمونری فائبروسس پھیپھڑوں کی بیماری ہے، جو اس وقت ہوتی ہے جب پھیپھڑوں کے ٹشوز خراب ہوجاتے ہیں اور ان پر داغ پڑ جاتے ہیں۔ ٹشوز جب گاڑھے یا سخت ہوجاتے ہیں تو پھیپھڑوں کو اپنا کام کرنے میں مشکل پیش آتی ہےاور جیسے جیسے پلمونری فائبروسس کا مسئلہ بڑھتا ہے، مریض کو سانس لینے میں دقت ہونے لگتی ہے۔
پلمونری فائبروسس میں پھیپھڑوں پر پڑنے والے داغ کے پیچھے بہت سے عوامل ہوسکتے ہیں، تاہم زیادہ تر معاملات میں ڈاکٹر اس بات کی نشاندہی نہیں کرسکتے کہ مسئلہ کی اصل وجہ کیا ہے اورجب کوئی وجہ ڈھونڈی نہ جاسکے تو اس حالت کو آئیڈیو پیتھک پلمونری فائبروسس کہا جاتا ہے۔ پلمونری فائبروسس کی وجہ سے پھیپھڑوں کو ہونے والے نقصان کا ازالہ نہیں ہوسکتا لیکن ادویات، علاج اور علامات کو کم کرنے والی احتیاطی تدابیر سے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اگر یہ بیماری بہت شدید ہوجائے تو کچھ لوگوں کو پھیپھڑوں کا ٹرانسپلانٹ بھی کروانا پڑسکتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہرسال دنیا بھر میں ستمبر کا مہینہ پلمونری فائبروسس یعنی پھیپھڑوں کی بیماریوں(پھیپھڑوں پر پڑنے والے نشانات ، دھبوں اور خرابیوں) کی آگہی کے طور پر منایا جاتاہے ، تاکہ دنیا بھر میں اس بیماری سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی ا ور ان کی مدد کیلئے اقدامات کیے جاسکیں۔ پلمونری فائبروسس کے بارے میں شعور اُجاگر کرنے کے لیے میڈیا پر کیمپیئن بھی چلائی جاتی ہیں۔
بیماری کی علامات
پلمونری فائبروسس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری (dyspnea)، خشک کھانسی، تھکاوٹ، پٹھوں اور جوڑوں میں درد، وزن میں کمی (لیکن وجہ معلوم نہ ہو)، ہاتھوں اور پیروں کی انگلیوں کی پوریں چوڑی اور گول ہو جانا شامل ہوسکتی ہیں۔ پلمونری فائبروسس کی علامات اور شدت مختلف افراد میں کافی حد تک مختلف ہو سکتی ہیں۔
کچھ لوگ اس بیماری سے بہت جلد متاثر ہوجاتے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کو اس مرض میں مبتلا ہونے میں مہینوں یا برسوں لگ جاتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو اس مرض میں سانس لینے میں بہت مشکل پیش آتی ہے جو کئی دن سے ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہےاور ایسے لوگوں کو وینٹیلیٹر پر رکھا جاسکتا ہے۔ اس بیماری کے علاج کے لیے ڈاکٹر زاینٹی بائیوٹکس ، کورٹیکواسٹیرائڈ (Corticosteroid) دوائیں یا دیگر ادویات بھی تجویز کرتے ہیں۔
اسباب اور وجوہات
پلمونری فائبروسس پھیپھڑوں میں ہوا کے تھیلے (alveoli) کے آس پاس اور اس کے درمیان ٹشوز کو داغدار اور گاڑھا کرتا ہے۔ اس سے خون کے بہاؤ میں آکسیجن کا گزرنا مزید مشکل ہوجاتا ہے۔ یہ نقصان بہت سارے مختلف عوامل کی وجہ سے ہوسکتا ہے، جس میں بعض زہریلے مادوں کا طویل عرصے تک استعمال، کچھ طبی حالات، ریڈیالوجی طریقہ علاج یا دوائوں کے مضر اثرات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بہت سے کارخانوں یافیکٹریوں میں کام کرنے والے بھی اس بیماری سے متاثر ہو سکتے ہیں، خاص طور پر جہاں لوگ سلیکا والی دھول مٹی، فائبرکےچھننے سے اڑنے والے ذرات، دھاتوں کی دھول مٹی، کوئلے کے اڑنے والے ذرات، دھواں، اجناس کے گردوغبار، جانوروں اور پرندوں کے فضلے والے ماحول میں کام کرتے ہیں۔ محققین کے مطابق یہ مرض تمباکو نوشی سے بھی ہوسکتا ہے اور اس کی وجہ موروثی بھی ہوسکتی ہے۔
آئیڈیوپیتھک پلمونری فائبروسس میں مبتلا بہت سے لوگوں میں معدے کی تیزابیت والی بیماری (GERD) بھی ہوسکتی ہے۔ ایسی حالت اس وقت ہوتی ہے جب پیٹ سے تیزاب غذائی نالی میں واپس جاتا ہے۔ ایک جاری تحقیق میں اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہGERD پلمونری فائبروسس کے لیے خطرہ کا عنصر ہوسکتا ہے یا یہ اس حالت میں تیزی سے بگاڑ پیدا کرسکتا ہے۔ تاہم، آئیڈیوپیتھک پلمونری فائبروسس اور GERD کے مابین وابستگی کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
متاثر کرنے والے عوامل
وہ عوامل جو آپ کو پلمونری فائبروسس کے لیے زیادہ حساس بناتے ہیں، ان میں درج ذیل شامل ہیں:
عمر: اگرچہ پلمونری فائبروسس کی تشخیص بچوں اور نوزائیدہ بچوں میں کی گئی ہے، لیکن اس عارضے سے درمیانی عمر اور ضعیف العمر لوگوں کے متاثر ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔
صنف : آئیڈیویپیتھک پلمونری فائبروسس کے ہونے کا امکان مردوں کے مقابلے میں خواتین میں زیادہ ہوتا ہے۔
جینیاتی عوامل: بعض اقسام کے پلمونری فائبروسس موروثی ہوتے ہیں اور جینیاتی عوامل اس کا جز وہوسکتے ہیں۔
سگریٹ نوشی: تمباکو نوشی کرنے والوں یا ایسے افراد جو تمباکو نوشی ترک کرچکے ہوں ان میں پلمونری فائبروسس ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ ایمفیسیما(Emphysema) کے مریضوں کو پلمونری فائبروسس ہوسکتا ہے۔
پیشہ : کان کنی ، کاشتکاری یا تعمیرات کے شعبے میں کام کرنے والے افراد یا جنہیں پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے والی آلودگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان میں پلمونری فائبروسس ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
کینسر کا علاج: اپنے سینے پر ریڈیو ایکٹو علاج کروانا یا کیموتھراپی دوائیں استعمال کرنا پلمونری فائبروسس کے خطرے کو بڑھاسکتا ہے۔