• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارت خانہ پاکستان نیدرلینڈز میں سیلاب کی صورتحال، فنڈز جمع کرنے کیلئے اجلاس

نیدرلینڈز میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے طلباء، تاجروں اور مساجد کے ذمہ داران سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں حالیہ شدید سیلاب کے باعث 1600 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ 1.2 ملین مکانات، 13,074 کلومیٹر سڑکیں، 392 پل اور 18 ڈیموں کو نقصان پہنچاہے۔ اس کے علاوہ 10 لاکھ مویشی ہلاک اور 5.4 ملین ایکڑ رقبہ پر کاشت فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں اور ہالینڈ کی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 3.5 ملین یورو کے ریلیف پیکیج سمیت دیگر ممالک سے ملنے والی امداد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

سفیر پاکستان نے نیدرلینڈز میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطنِ عزیز میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے فنڈز جمع کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ مزید فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائیں۔

اس موقع پر شرکائے اجلاس نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی، این جی اوز، طلباء اور مذہبی تنظیموں کو اس کارِ خیر کے لیے متحرک کرنے کے لیے سفارت خانہ کی کوششوں کو سراہا۔

قومی خبریں سے مزید