• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب ہم کسی تاریک کمرے کی بات کرتے ہیں، جہاں باہر سے قدرتی روشنی نہیں پہنچتی تو اسے روشن رکھنے کے طریقے تلاش کیے جاتے ہیں۔ آسان گھریلو طریقہ تو یہ ہے کہ ایسے کمرے کو روشن رکھنے کے لئے بجلی کے لیمپ اور روشنی پیدا کرنے والے آرائشی آلات استعمال کریں۔ اس کے علاوہ کمرے کی روشنی کا زیادہ یا کم ہونا، اس کی دیواروں اور فرش کے رنگ،کھڑکیوں کے پردوں کے اسٹائل اور رنگ، فرنیچر کے لیدر کے رنگ یا فرنیچر کی ترتیب پر منحصر ہوتا ہے۔ یہ اور اس طرح کے دیگر عناصر تعین کرتے ہیں کہ خواب گاہ یا رہائشی کمرے افسردہ اور تاریک رہیں گے یا وہ زندگی سے بھرپور اور روشن نظر آئیں گے۔

جدید دور کے رہنے کے کمرے، بہت سی مختلف سرگرمیوں کا مرکز ہوتےہیں۔ خاندان کے ارکان کے ساتھ چائے اور سماجی میزبانی کرنے سے لے کر اچھی کتاب کے ساتھ یا ٹیلی ویژن دیکھتے وقت صوفے پر لیٹنا۔ چونکہ یہ ایسی سماجی جگہ ہے، جس کے بارے میں ایک خاص نظر اور ماحول حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، تاکہ وہ دوسروں کا استقبال کرسکے۔

ذیل میں کچھ آسان طریقے بتائے گئے ہیں، جن سے آپ کے رہنے کا کمرہ، باقی پورے گھر میں سب سے روشن اور نظر کے لحاظ سے دوستانہ جگہ بن سکتا ہے۔

1- روشنی کو حاصل کریں

اپنے باغ، صحن یا لان میں سورج کی روشنی کو نظر اندازمت کریں۔ – ایک دلکش کھڑکی یا شیشے کا دروازہ، آپ کے کمرے کی اندرونی روشنی کے لیے حیرت انگیز کام کرسکتاہے،اسے نظر انداز نہ کریں۔ اس طرح اگر ممکن ہو تو اپنے کمرے کی روشنی میں اضافہ کرنے کے لیے سلائیڈنگ ڈور پربھی غور کریں۔

2- رنگوں کے استعمال میں ذہانت کا مظاہرہ کریں

روشن کمرے کے لیے ایک سادہ اصول تو یہ ہے کہ دیواروں کے پینٹ کا رنگ ہلکا اورروشن رکھیں۔اس طرح اپنے کمرے میں جو آرائشی فرنیچر، ڈسپلے مٹیریل اور دیگر آرائشی اشیا استعمال کرتے ہیں، ان کا رنگ بھی ویسا ہو جو کمرے کے مجموعی روشن روشن احساس میں اضافہ کرتا ہو۔

3- آرائشی سامان کا انتخاب

درست فرنیچر کا انتخاب صرف آپ کی پسند کا معاملہ نہیں، بلکہ آپ کو یہ بھی دیکھنا پڑتا ہے کہ کمرے کا سائز کیا ہے۔ آرائشی سامان ایسا ہو جسے ایک کمرے سے دوسری جگہ باآسانی منتقل بھی کیا جاسکے۔ دوسری صورت میں خوبصورت صوفے اور شاندار میزوں کے ساتھ ایک کمرے میں رہنے کا کیا فائدہ جسے بوقت ضرورت دوسری جگہ باآسانی منتقل نہ کیا جاسکے۔ چھوٹے رہائشی کمروں کے لئے شیشے یا ايکرولين( جلدی خشک ہونے والا روغن) جیسے فلیٹ فرنیچر کے ٹکڑے یا شفاف مواد کا انتخاب بہتر ثابت ہوسکتا ہے۔

4- دیواروں کا رنگ

تصور کریں ایک بڑی سی دیوار پر نیلے رنگ کا روغن،دیوار کی ایک بڑی سطح جس پر بلیک انڈ وہائٹ تصاویر کی جوڑی آویزاں کی گئی ہے۔یہ اکیلی دیوار پورے کمرے کو روشن کر رہی ہے۔ہم نے اس کمرے میں کھڑکی نہیں دیکھی بلکہ صرف چند برقی لیمپ دیکھے ہیں۔پھر بھی یہ کمرہ بہت روشن ہے۔ یہ سب اس نیلی دیوار اور سفید چھت کا کمال ہے۔

اس کے ساتھ ہلکے رنگ کی لکڑی کا فرش ،لیدر سے مزین کُرسی اور میز اور صوفے سیٹ کو دیوار کے ساتھ ایک خاص زاویے سے ترتیب دیا جا سکتا ہے۔ اس بہترین مجموعی سیٹ اپ کے ساتھ جانوروں کی کھال سے بنی قالین کی مدد سے سیاہ رنگ کو بھی خوبصورتی کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

5- فرنیچر کے ساتھ روشنی کی لائٹس کو منسلک کریں

کمرے کوروشن کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ آپ اس کے فرنیچر کے ساتھ لائٹس کو منسلک کر دیں۔ خاص کر ایسا بڑے سائز کا فرنیچر، جس نے پورے کمرے میں ایک خاص جگہ پر قبضہ کر رکھاہو۔ اس کے اطراف میں اور تاریک جگہوں پر چھوٹی چھوٹی لائٹس کو ترتیب دینے سے آپ کا کمرہ روشن اور خوبصورت نظر آئے گا۔

قدرتی روشنی لانے کے طریقے

منصوعی طریقوں اور کمرے کی سیٹنگ کے ذریعے اسے روشن رکھنے کے طریقے اپنانے کے بعد اب آپ کی کوشش یہ ہونی چاہیے کہ کچھ ایسا بندوبست کریں کہ کمرے میں قدرتی روشنی آنے کا انتظام بھی ہوجائے۔ اس کے لیے آپ یہ کرسکتے ہیں کہ کمرے کی چھت کی تعمیر میں ایک حصے کو کنکریٹ کے بجائے شفاف شیشہ استعمال کریں، جہاں سے دن کے وقت سارا دن کمرے میں قدرتی روشنی آتی رہے گی۔ اس کے علاوہ گھر کے اندر ایک ایسی جگہ جہاں قدرتی روشنی آتی ہو، وہاں ایک خاص زاویہ پر مطلوبہ سائز کا آئینہ رکھ کر بھی کمرے میں سورج کی دھوپ کو منعکس کیا جاسکتا ہے۔

گھر کے تمام حصوں تک قدرتی روشنی پہنچانے کا انتظام کرنا اور گھر کو اس طرح ڈیزائن کرنا ایک مشکل طلب کام ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ گھر کا لے آؤٹ پلان بنتے وقت آپ اپنے آرکیٹیکٹ کے ساتھ بیٹھیں اور انھیں واضح الفاظ میں بتائیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں اور تعمیر کے بعد اپنے خوابوں کے گھر کو کس طرح دیکھنا چاہتے ہیں۔ منصوبہ بندی کے مرحلے پر آپ کی تھوڑی سی اضافی توجہ اور دلچسپی آپ کو مستقبل کے کئی ممکنہ مسائل سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔