پاکستان جونئیر لیگ کی ٹیم گوجرانوالہ جائنٹس کے ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی کے رکن اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو اس وقت بیک کرنے کی ضرورت ہے، ہم سب کو اس کو بیک کرنا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز احمد نے کہا کہ اگر میں کہوں کہ میں بیٹنگ لائن اپ سے مطمئن ہوں، تو یہ ڈپلومیسی ہو گی، ہمیں اس وقت جو ٹیم بنی ہے اور جو ٹیم ورلڈ کپ کے لیے گئی اس کو بیک کرنا ہے۔
اعجاز احمد نے کہا کہ ایک عرصے سے بات ہو رہی ہے کہ ہمیں مڈل آرڈر میں مسئلہ ہے، ہمیں مڈل آرڈر کے بیٹرز نہیں مل رہے، میں اسے کوئی مسئلہ نہیں سمجھتا، بابر اعظم اور محمد رضوان بحثیت اوپنرز بہت اچھا کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 20 اوورز کے میچ میں مڈل آرڈرز کو کم اوورز ہی بیٹنگ کا موقع مل رہا ہے، اوپنرز آؤٹ ہوتے ہیں تو پھر کم اوورز کی وجہ سے مڈل آرڈر پر دباؤ آ جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر اوپنرز مڈل آرڈر میں آکر کھیلیں تو اس کا کوئی ایشو نہیں، اوپنر کو مڈل آرڈر میں کھیلنے پر مسئلہ نہیں ہو سکتا، اگر وہ نئی گیند کھیل سکتا ہے تو پھر گیند کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
گوجرانوالہ جائنٹس کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ چوتھے پانچویں نمبر کے بیٹر سے اوپن کرائیں گے تو پھر ایشو ہو گا، شان مسعود کو کھلایا گیا ہے تو کوئی مسئلہ نہیں انہوں نے رنز بھی بنائے ہیں۔
اعجاز احمد نے کہا کہ تین سال سے جونیئر کرکٹ کے ساتھ وابستہ ہوں، پی جے ایل کے لیے ایک اچھی ٹیم بنانے کی کوشش کی ہے، انہی کھلاڑیوں کو منتخب کیا جنہیں کھیلتا ہوا دیکھا ہے، پی جے ایل کا انعقاد خوش آئند ہے، غریب اور متوسط گھرانے اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔