• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے صدر کے ذریعے پیغام بھجوایا ہے: خواجہ آصف

خواجہ آصف—فائل فوٹو
خواجہ آصف—فائل فوٹو

وزیرِ دفاع، مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ترلے کرنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے ذریعے پیغام بھجوایا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس کے بعد عمران خان کی بیرونی سازش کا بھانڈا پھوٹ گیا، سائفر کی کاپی عمران خان نے خود گُم کر دی۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہم نے جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، ادارے آئین کے تحت کام کر رہے ہیں تو یہ عمران خان کو قبول نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلسل جھوٹ بول کر اسے سچ ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اقتدار کی ہوس نے ایک شخص کو پاگل کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کے خلاف پی ٹی آئی کے ورکرز نے پروپیگنڈا کیا۔

وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ عمران خان کو نومبر کے ہول پڑ رہے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کے فضل سے نومبر بھی خیر خیریت سے گزر جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے عہدے کے لیے 5 نام آتے ہیں، ان میں سے کسی کا بھی تقرر کیا جا سکتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں یہ مثالیں موجود ہیں کہ الگ سے بھی کوئی تقرری کی جاتی رہی ہے، آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل رواں ماہ کے آخر یا نومبر کے آغاز میں شروع ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ثابت کر دیا کہ وہ وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کے اہل ہی نہیں ہیں، عمران خان نے جھوٹ بولا، پاکستان کی سیکیورٹی پر کمپرومائز کیا۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جب آر ٹی ایس بیٹھتا ہے تو پھر عمران خان جیسے لوگ آگے آ جاتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید