پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) کی ٹیم حیدر آباد ہنٹرز کے مینٹور اور سابق کپتان ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ پی جے ایل کا انعقاد ایک بہت اچھا اقدام ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کا مستقبل قذافی اسٹیڈیم میں ایکشن میں ہو گا، پی جے ایل پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے سرمایہ کاری ہے، پاکستان کو کسی بھی دور میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں میں نے بے پناہ ٹیلنٹ دیکھا، میں آغاز میں اصغر علی جیسے نوجوان کرکٹرز سے بہت متاثر ہوا، کئی نوجوان کرکٹرز ایسے ہیں جنہوں نے پی ایس ایل میں پرفارم کیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیل گئے۔
ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ میں نوجوان کرکٹرز اپنا ٹیلنٹ دکھائیں گے، انڈر 19 کرکٹرز کو مینٹورز سے سیکھنے کا موقع ملے گا، ان کے لیے یہ شاندار وقت ہے، پی جے ایل پی ایس ایل کے لیے ایک پلیٹ فارم ثابت ہو سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز ٹیلنٹ کو دیکھیں اور ایمرجنگ کیٹگری میں ان کو لے سکتے ہیں، ممکن ہے کہ مجھے بھی ایسا ٹیلنٹ مل جائے جسے میں کیربئین پر میئر لیگ کے لیے تجویز کروں۔
ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی نے کہا کہ پاکستان کے مستبقل کو دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم آئیں، ٹیلنٹ دیکھنے کا موقع مس نہ کریں، 5 سال بعد یہی ٹیلنٹ انٹرنیشنل میچ کھیلتے ہوئے ٹی وی پر نظر آئے گا، انٹرنیشنل میچ کھیلتا ہوا دیکھ کر آپ کہیں گے کہ میں نے پہلی بار اسے پی جے ایل میں دیکھا تھا۔