• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیکول مین عالمی خلائی اسٹیشن جانے والے مشن کی کمان کرنے والی پہلی مقامی امریکی خاتون بن گئیں

کراچی (نیوز ڈیسک) 45؍ سالہ خاتون نیکول مین نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے مشن کی کمان کرنے والی پہلی مقامی امریکی (Native American) خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ وہ خلاء میں جانے والی نہ صرف پہلی مقامی امریکی خاتون ہیں بلکہ وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے کریو ڈریگن کیپسول کی کمان بھی کی ہے۔ بدھ کو روانہ ہونے والے اس امریکی خلائی مشن کی ایک اور خاص بات یہ بھی تھی کہ یوکرین پر روسی کارروائی کے بعد پہلی مرتبہ روسی خلاء نورد کو بھی امریکی اسپیس فلائٹ کے ذریعے روانہ کیا گیا۔ برطانوی اخبار گارجین کی رپورٹ کے مطابق، یہ خلائی مشن نجی کمپنی اسپیس ایکس کے تعاون سے روانہ کیا گیا تھا جس کیلئے فالکن نائن راکٹ استعمال ہوا۔ یہ پرواز کیپ کیناورل (فلوریڈا) میں قائم ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ کی گئی۔ یہ پرواز جمعرات کو 29؍ گھنٹے کی مسافت طے کرکے زمین سے 420؍ کلومیٹر اوپر مدار میں چکر لگانے والی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے ساتھ جُڑ گئی۔ یہ مشن امریکا کا عملے کے پانچ ارکان لیجانے والا مکمل مشن تھا۔ یاد رہے کہ ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک نے اپنی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے ذریعے ناسا کے مشنز خلاء میں لیجانے کا سلسلہ مئی 2020ء سے شروع کر دیا ہے۔ 45؍ سالہ نیکول مین لڑاکا طیاروں کی تجربہ کار پائلٹ ہیں۔ ان کی ٹیم میں روسی خلاء نورد اینا کیکینا شامل ہیں، اس کے علاوہ امریکی خلاء نورد جاش کساڈا اور جاپان کے کوئیچی واکاتا شامل ہیں۔ نیکول مین امریکا کی میرین کور کی کرنل ہیں جو عراق اور افغانستان میں لڑاکا مشنز مکمل کر چکی ہیں اور ان کے پاس انجینئرنگ میں ماسٹرز ڈگری ہے۔ ان کی اسپیشلائزیشن فلوئیڈ میکانکس ہے۔ وہ امریکا کے مقامی ریڈ انڈین قبیلے وائیلاکی کی رجسٹرڈ رکن ہیں۔ مقامی امریکیوں میں سے خلاء میں جانے والے پہلے شخص جان ہیرنگٹن ہیں جو 2002ء میں شٹل مشن میں گئے تھے۔
اہم خبریں سے مزید