• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورننس کی بہتری کیلئے وزیراعلیٰ سب کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں، خدا بخش لانگو

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے پولیٹیکل سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے میں گورننس کی بہتری کے لیے نہ صرف حکومت میں شامل اتحادیوں بلکہ حزب اختلاف کو بھی خوش اسلوبی کے ساتھ لے کر چل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل سیاسی اور معاشی صورتحال سے گزر رہا ہے لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی میں پوری طرح سے مصروف عمل ہیں اور ان کی پوری توجہ نہ صرف متاثرین کی امداد پر ہے بلکہ وہ امداد اور ریلیف کے ساتھ متاثرین کی دوبارہ بحالی کے لیے بھی بھرپور انداز سے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ سیلابی بارشوں نے بلوچستان کے 90 فیصد رقبے کو متاثر کیا ہے اور کئی متاثرہ اضلاع میں زراعت اور کاروبار زندگی مکمل طور پر تباہ ہے لیکن حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود تمام متاثرین کو امداد اور ریلیف کی فراہمی میں پوری طرح سے مصروف ہے، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ امداد اور ریلیف کے کاموں میں پاک فوج بھی انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے ،پاک فوج کے جوان اور افسران متاثرہ اضلاع میں ہمہ وقت موجود ہیں اور پاک فوج کی جانب سے ریلیف آپریشن کی نگرانی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور خود کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ متاثرین کو حکومت کی جانب سے ضروریات زندگی کی فراہمی جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے طبی ٹیمیں میں بھی موجود ہیں اور محکمہ صحت کا عملہ متاثرہ اضلاع میں حفاظتی جاتی ویکسینیشن بھی کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ وقت تمام سیاسی اختلافات بھلا کر سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی اور داد رسی کے ساتھ اس تاثر کو فروغ دینے کا ہے کہ امتحان اور آزمائش کی گھڑی میں ہم سب ایک ہیں۔
کوئٹہ سے مزید