کوئٹہ(پ ر) قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر بلوچستان یوتھ ریسورس سینٹر ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر یوتھ افیئرز الیاس بلوچ تھے۔تقریب کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو پاکستان کے بانی اور عظیم رہنما قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی افکار اور قیادت سے آگاہ کرنا تھا تاکہ نوجوان نسل ان کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کر سکے۔ اس موقع پر کوئٹہ کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین بھی تقریب میں شریک ہوئے۔تقریب کے دوران مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں کوئز مقابلہ، ملی نغموں کا مقابلہ اور تقریری مقابلہ شامل تھے۔ ان سرگرمیوں میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بچوں نے بھی بھرپور جوش و جذبے سے حصہ لیا۔ الیاس بلوچ نے نوجوانوں کی دلچسپی اور شرکت کو سراہتے ہوئے پروگرام کو ایک مثبت اور بامقصد کاوش قرار دیا۔تقریب کے دوران قائدِ اعظم ڈے کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے مختلف مقابلہ جاتی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔