کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان شہریار خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ماہ اگست یا ستمبر میں زرعی نمائش کا انعقاد کرکے صوبے میں کاشت کی جانے والی میوہ جات اور سبزیوں بارے لوگوں کو معلومات دیں گے،ہم بلوچستان کے زیتون،سیب،پیاز، ٹماٹر و دیگر کی ویلیو ایڈیشن کرکے انہیں یورپی اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے مارکیٹوں تک رسائی ممکن بنانے کےلئے ان کی سرٹیفیکیشن اور فوڈ سیفٹی بارے درکار لوازمات پورے کریں گے اس سلسلے میں گورنر بلوچستان ،صوبائی سیکرٹری زراعت ودیگر سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے،کراچی میں ہونے والی زرعی نمائش کی بدولت ہمیں 52 ملین ڈالرز کی ڈیمانڈز مل چکی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ سیشن کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی،زمیندار ایکشن کمیٹی کے محمد کاظم خان اچکزئی،سید صدیق اللہ آغاو دیگربھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ (PHDEC)کا آفس بھی جلد کوئٹہ میں کھولا جا رہا ہے انہوں نے بتایا کہ زمینداروں کو زیتون و دیگر کے لئے ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ بنک سے مالی مدد مل سکتی ہے اس وقت ویلیوایڈیشن پروجیکٹس ضلع پشین ،کوئٹہ،آواران، پنجگور میں جاری ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ان کی ضلع موسیٰ خیل اور لورالائی کے زیتون کے کاشتکاروں کے ساتھ سیشن ہو چکا ہے ہم مزید سیشنز کا انعقاد کر کے صوبے کے زمینداروں کو آگاہی فراہم کریں گے۔