• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

قومی ہاکی کے معاملات غیر یقینی صورتحال کا شکار

قومی کھیل ہاکی اس وقت جن حالات سے دوچار ہے ، اس میں فیڈریشن کے عہدے داروں ، ان کی کھیل میں بہتری کے لئے منصوبہ بندی بھی غیر یقینی کا شکار ہے، حکومت پی ایچ ایف کے حالیہ انتخابات کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں، پی ایچ ایف کے عہدے داروں نے بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر احسان مزاری سے ملاقات کی جس میں انہیں اپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا، وفاقی وزیر نے فیڈریشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی مگر وفاقی وزیر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ہاکی میں بہتری کے لئے بنائی گئی حکومتی کمیٹی کے اجلاس میں کسی بھی مرحلے پر پی ایچ ایف کے موجودہ عہدے داروں کی کار کردگی یا انہیں موقع دینے کے حوالے سے کوئی موقف اختیار نہیں کیا جس سے اس بات کے اشارے مل سکے کہ وہ فیڈریشن کی کار کردگی سے مطمئن ہیں۔ 

اس کمیٹی میں جس کے سر براہ وفاقی وزیر خواجہ آصف ہیں، اس کے ارکان میں وفاقی وزیر ایاز صادق اور احسان الرحمان مزاری بھی شامل ہیں، کمیٹی نے اپنے پہلے اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کو پی ایچ ایف کی سر گرمیوں، آڈٹ رپورٹس، پچھلے آٹھ سالوں کے حوالے سے دستاویزات سے آگاہ کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے ارکان مزید دو سے تین اجلاس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کردیں گے۔ 

ذرائع نے بتایا ہے کہ کمیٹی نے پی ایچ ایف کے مالی معاملات کا فرنزک آڈٹ کرانی سفارش کی ہے جبکہ پچھلے پانچ سالوں کی قومی جونیئر اور سنیئر ٹیموں کی کار کردگی کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔کمیٹی کے ارکان قومی ٹیموں کے نتائج پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا ہے۔ اجلاس میں سابق جج کی سر براہی میں ہاکی معاملات کو چلانے کے لئے ایڈہاک کمیٹی بنانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، قومی ہاکی کے حوالے سے جلد اہم فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے، پی ایچ ایف کے حوالے سے جو بھی اقدامات کئے جائیں فی الحال پی ایچ ایف نے اپنی سر گرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، کھلاڑیوں کے واجبات ادا کردئیے گئے، اب آفیشلز کے واجبات کو بھی ادا کرنے کی نوید دی گئی ہے جبکہ اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ کے لئے عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں قومی ہاکی ٹیم کا کیمپ جاری ہے جس میں آٹھ سنیئر کھلاڑیوں کے شرکت سے انکار کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آٹھ کھلاڑیوں کی جانب سے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے کراچی میں جاری کیمپ میں شرکت سے انکار کے بعد ان کی جگہ نئے 11کھلاڑیوں کو مدعو کیا ہے۔

ان کھلاڑیوں نے آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان ہاکی گولڈ کپ میں حصہ لیا تھا، انہیں اوپن ٹرائلز کے بعد منتخب کیا گیا، کھلاڑیوں میں گول کیپر عبدالرافع(سندھ), فل بیک سعد شفیق(پنجاب), منور احمد خان(بلوچستان), ہاف بیک محمد باقر(پنجاب),محمد احمد(پنجاب), فاروڈ جبران حمزہ(کے پی کے), عبدالنافع(بلوچستان), محمد ارسل(پنجاب), عبدالقیوم (پنجاب), عبدالوہاب(سندھ), شہباز حیدر(سندھ) شامل ہیں، سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ ایپوہ ، ملائشیا میں یکم سے 10 نومبر تک کھیلا جائیگا۔ ایونٹ میں چھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائشیا، پاکستان، جاپان ، کوریا، جنوبی افریقا اور کینیڈا شامل ہیں۔

کیمپ کے بارے میں پی ایچ ایف کے سکریٹری سید حیدر حسین نے ٹیم منیجر سعید خان سے تفصیلات حاصل کی اور کہا کہ سلیکشن کمیٹی ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان کرے گی۔ (نصر اقبال)

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید