سوکا ورلڈ کپ کا فائنل برازیل نے قازقستان کو شکست دے کر جیت لیا، بڈاپسٹ میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کےپہلے سیمی فائنل میں برازیل نے جرمنی کو پانچ کے مقابلے میں ایک گول سےاوردوسرے سیمی فائنل میں قازقستان نے پولینڈ کو تین صفر سے ہرا کر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پہلا سوکا ورلڈ کپ پرتگال میں جبکہ دوسرا ورلڈ کپ یونان میں کھیلا گیا تھا۔ تیسرے سوکا ورلڈ کپ فٹ بال میں 40 ٹیموں نے شرکت کی جس میں پاکستان کو گروپ جی میں رکھا گیاتھا۔ اس گروپ میں میکسیکو، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ماریشس جیسی بڑی ٹیمیں شامل تھیں۔
پاکستانی ٹیم نے ایونٹ میں بھرپور شرکت کی اور گزشتہ دو ایونٹ کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیالیکن بدقسمتی سے راؤنڈ آف سکس سے آئوٹ ہوا۔ اس سے قبل ہونے والے ایونٹ کے میچز میں پاکستانی ٹیم کو بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن بڈاپسٹ میں پاکستانی ٹیم کے کوچ کی عمدہ حکمت عملی کی بدولت قومی ٹیم نے شہرہ آفاق ٹیموں کا ڈٹ کر مقابلہ بلکہ انہیں بڑی برتری حاصل کرنے کا بھی موقع نہیں دیا۔
پریکٹس میچ میں پاکستانی ٹیم نے کولمبیا کی مضبوط ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹاپ ٹین رینکنگ میکسیکو کو انتہائی ٹف ٹائم دیتے ہوئے موو بنانے کے مواقع نہیں دیئے۔ مخالف ٹیم نے پاکستانی گول پر کئ اٹیک کئے لیکن اس کا دفاع دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے کامیاب دفاع کی بدولت میچ میں میکسکو صرف ایک گول سے کامیابی حاصل کرسکا۔ میچ کا واحد گول میکسیکن کھلاڑی نے کھیل کے اختتام سے تین منٹ قبل کیا۔
دوران میچ شائقین نے پاکستانی کھلاڑیوں کو بھرپورد اددی۔ ماریشیس کے خلاف بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اطمنان بخش رہی ۔ مقابلہ 3-3 سے برابری کی بنیاد پر ختم ہوا۔ ایونٹ میں پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان میچ بھی دلچسپ رہا۔ ایونٹ کے ٹیبل پر دوسری پوزیشن رکھنے والی اسکاٹ لینڈ کی مشکل ٹیم کا پاکستانی کھلاڑیوں نے شدید بارش میں سخت مقابلہ کیا۔ اسکاٹ لینڈ نے میچ میں فتح اپنے نام کی۔ پاکستان نے میچ کا شاندار آغاز کیا۔ طیب حیات نے پہلا اور دوسرا گول طاقتور آن ٹارگٹ فری ککس کے ذریعے کر کےاپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف میں موسلادھار بارش کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کچھ متاثر ہوئی۔ تیسرے ورلڈ کپ کے اختتام پر سوکا انٹرنیشنل نے شاٹ فارم فٹ بال کی نئی رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستانی ٹیم سوکا کی رینکنگ میں 27 ویں نمبر پر ہے۔ پہلےنمبر پر پولینڈ ، دوسرے نمبر پر برازیل اور تیسرے نمبر پر جرمنی ہے۔ بھارت 36 ویں نمبر پر جبکہ عراق سب سے آخری 54 ویں نمبر پر ہے۔
ہیڈ کوچ گوہر زمان نے تین بیک ٹو بیک سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت اوربڑی ٹیموں کے خلاف پاکستانی کھلاڑی کی عمدہ کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں ہماری ٹیم فیورٹ ٹیموں کیلئے آسان حریف ثابت نہیں ہوگی۔ ایونٹ کے دوران اپنے سے کئی درجہ بہتر ٹیموں کے خلاف ہماری کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا یہ ہمارےاور ملک کے لیے قابل تعریف ہے۔ ٹرنک والا گروپ کی کوششوں سے پاکستانی کھلاڑیوں کو دنیا کی ٹاپ ٹیموں کے خلاف مسلسل تیسرے سال اس ایونٹ میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا۔ انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے نائب صدرشاہ زیب ٹرنک والا یورپ میں ہونے والے تاریخی ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لیژر لیگس نے قومی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا ہےجس کے باعث پاکستانی کھلاڑی سوکا ورلڈ کپ جیسے دنیا کے بڑےفٹ بال ایونٹ میں شرکت کے اہل ہوئے۔ گروپ کے زیراثر فٹ بال کے شاٹ فارمیٹ کےتحت لیزر لیگز نے 2016 ء میں پاکستان میں قدم رکھا۔ ٹرنک والا فیملی فٹ بال کے سابق سپر سٹار برازیلین رونالڈینو اور دوستوں کو لے کر آئے جن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق سٹالورٹ ریان گگز، انگلینڈ کے سابق گول کیپر ڈیوڈ جیمز، ڈچ اسٹار جارج بوٹینگ، سابق فرانسیسی کھلاڑی رابرٹ پائرس اور نکولس انیلکا اور پرتگالی کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹاپ کھلاڑی لوئس بوا مورٹے نے 2017 ء میں لاہور اور کراچی میں دو ہائی وولٹیج میچ کھیلے۔