قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے خود پر کڑی تنقید کرنے والے معروف، سینئر صحافی آفتاب اقبال کو پہچاننے سے ہی انکار کر دیا ہے۔
سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سلسلے میں آج پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کیا۔
بعد ازاں پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم سے ایک اسپورٹس صحافی نے سوال کیا کہ آپ پر تنقید کی جا رہی ہے کہ بطور ٹیم کے کپتان آپ موزوں نہیں ہیں۔
صحافی کا کہنا تھا کہ سینئر صحافی آفتاب اقبال نے آپ پر کڑی تنقید کی ہے، اس سے متعلق آپ کیسا محسوس کرتے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم آپ کس کی بات کر رہے ہیں، میں نہیں جانتا کہ آفتاب اقبال کون ہے۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ تنقید اور تعریف چلتی رہتی ہے اور پھر جب برا پرفارم کریں تب تو سب تنقید کے لیے تیار رہتے ہیں، ہم ان چیزوں پر دھیان نہیں دیتے، کوشش ہوتی ہے جتنا ٹیم کو اعتماد دیا جاسکے دیں اور اچھی طرح ٹیم چلائیں۔
یاد رہے کہ آفتاب اقبال نے بابر اعظم کو ’اسٹار‘ ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر اب میرے لیے اسٹار نہیں ہے، اس لیے نہیں کہ اس نے کیچز چھوڑے یا اسکور نہیں بنا رہا بلکہ اس لیے کہ اب وہ مغرور ہوگیا ہے، اس میں اب انا آگئی ہے، وہ کھلاڑیوں سے اختلافات رکھنے لگا ہے۔
واضح رہے کہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹ سے شکست دی، گرین شرٹس نے 174 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔
بابر اعظم نے اس میچ میں 55 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں9 چوکے شامل تھے۔