• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر بہت سے اہم کمروں جیسا کہ بیڈ روم، لاؤنج، باتھ روم، کچن اور ڈائننگ روم سے مل کر بنتا ہے۔ عام طور پر، جگہ کی کمی کے باعث کھانے کے کمرے (ڈائننگ روم ) کو قربان کر دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چھوٹے گھروں میں کھانے کے لیے الگ جگہ نہیں ہوتی بلکہ ایک کاؤنٹر کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ مگر یہ کھانے کے کمرے کا صرف آدھا مقصد پورا کرتا ہے۔

یہ ایسی جگہ ہونی چاہیے، جہاں ہم اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزار سکیں، جہاں ہم کھانے پر اکٹھے ہو کر ایک دوسرے کو دن بھر کے قصے سنا سکیں۔ آج ہم آپ کے لیے کھانے کے کمروں کی پلاننگ اور ڈیزائننگ کے حوالے سے کچھ ایسی تجاویز پیش کررہے ہیں، جو یقیناً کارآمد ثابت ہوں گی۔ چاہے آپ کا کھانے کا کمرہ بڑا ہو یا چھوٹا، جدید ہو یا روایتی، یہ کچن سے جڑا ہو یا علیحدہ، یا چاہے آپ باہر بیٹھ کر کھانا کھانا پسند کرتے ہوں، ذیل میں پیش کیے گئے ڈیزائن آپ کو ہر طرح سے متاثر کریں گے۔

ڈائننگ روم کی پلاننگ

ڈائننگ روم، کچن کی لوکیشن کے حساب سے مشرق، مغرب یا جنوب کی سمت میں ہوسکتا ہے۔ اگر ڈائننگ روم گھر کے مشرق میں ہےتووہاں صبح کی تازہ روشنی آسکتی ہے، اسی طرح ہر سمت کے اپنے فائدے اور نقصانات ہیں۔ ڈائننگ روم کسی بھی سمت اور لوکیشن پر بنایا جاسکتا ہے بشرطیکہ کہ وہ کچن سے قریب تر ہو۔ ڈائننگ روم اور کچن کو ایک ہی فلور پر ہونا چاہیے تاکہ کھانا پہنچانے میں کسی قسم کی مشکل نہ ہو۔

ڈائننگ روم کا سائز

ڈائننگ روم کے سائز کافیصلہ کرنے سے پہلے، آپ کے پاس مندرجہ ذیل سوالات کا جواب ہونا چاہیے :

٭ ڈائننگ روم کتنے افراد کے زیر استعمال رہے گا؟

٭ کیا مہمانوں کے لیے بھی یہی ڈائننگ روم استعمال میں لایا جائے گا؟

٭ کھانے کیلئے برتن وغیرہ ڈائننگ روم میں اسٹور کیے جائیں گے یا نہیں؟

٭ کیا ڈائننگ روم صرف کھانے کے لیے استعمال ہوگا یا بیٹھنے اور گپ شپ کیلئے بھی؟

ان سوالوں کے جوابات حاصل کرنے کے بعد، اب آپ ڈائننگ روم کے ڈیزائن اور دیگر لوازمات پر کام کرسکتے ہیں، مثلاً؛ کھانے کا کمرہ کیسا ہونا چاہیے؟ اس کا فرنیچر کیسا ہونا چاہیے؟ کن رنگوں کا استعمال کرنا چاہیے؟ اس کی ترتیب کیسی ہونی چاہیے؟ آئیے ان سوالوں کے جوابات حاصل کرنے کے لیے درج ذیل تجاویز پر نظر ڈالتے ہیں۔

سیاہ و سفید

ایک جدید انداز کے کھانے کے کمرے کے لیے اس سے بہتر رنگوں کا مجموعہ اور کیا ہو سکتا ہے؟ نوکیلے کونوں والی میز اور چھت سے لٹکا حسین فانوس اسے چار چاند لگاتے ہیں۔ میز کے ایک طرف کرسیوں کے بجائے بڑا صوفا یا بنچ بھی رکھی جاسکتی ہے، تاکہ زیادہ افراد کی صورت میں جگہ کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔

کھانے کے کمرے کا دلکش فرش

کھانے کے کمرے میں خوبصورتی لانے کے لیے ضروری ہے کہ اس کا فرش بھی باقی کمرے کی طرح خوبصورت اور دلکش ہو۔ اس مقصد کے لیے آپ فرش کے لیے دلکش اور خوبصورت رنگوں کی ٹائلز کا انتخاب کریں۔ فرش کی ٹائلز کا انتخاب آپ کی پسند پر منحصر ہے۔ لکڑی کا فلور بھی اچھا انتخاب ہوسکتا ہے۔

ہال نما ڈیزائن

اگر آپ کے گھر میں گنجائش موجود ہے تو اپنے کھانے کے کمرے کے لیے ایک ہال نما کمرے کو ترتیب دیں۔ کھانے کے کمرے کے لیے ہال ایک بہترین جگہ فراہم کرتا ہے۔ فرنیچر کے لیے بید کی بنی کُرسیاں کھانے کے کمرے میں دلکشی اور خوبصورتی پیدا کر تی ہیں۔

قدرتی ماحول سے ہم آہنگ

روایتی کھانے کے ماحول میں تبدیلی لائیں اور اس میں ترو تازگی لانے کے لیے اسے قدرتی ماحول سے ہم آہنگ کریں۔ دیہی طرز کی چھت کے ساتھ کھانے کی میز کو بالکونی میں سجائیں۔ اس سے آپ کھانا کھانے کے ساتھ ساتھ قدرتی ماحول سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔

انڈسٹریل ڈیزائن

انڈسٹریل ڈیزائن کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ ڈیزائن بالکل بےکار اور ایک اسٹیل کا ٹکڑا ہو، یہ ڈیزائن بہت ہی خاص بھی بنایا جاسکتاہے۔ اس میں بہت زیادہ پیٹرنز نہ ہوں اور نا ہی بہت زیادہ ڈیزائنوں کا مجموعہ ہو لیکن یہ آپ کو پھر بھی شاندار لگے گا، کیونکہ یہ بیچ اسٹائل میں بنایا جاتا ہے۔ جدید گھروں کے لیے یہ ڈیزائن بہترین ہے۔

کیفے ٹیریا اسٹائل

گھر میں تبدیلی کس کو پسند نہیں ہوتی لیکن اگر یہ تبدیلی عام روایت سے ہٹ کر ہو تو وہ مزید خاص بن جاتی ہے۔ جیسے کہ ڈائننگ روم میں ایک کیفے ٹیریا اسٹائل میز ہوتو کیسا لگے گا؟ اس میز کا اوپر کا حصہ لکڑی کا بنایا جائے جبکہ لوہے کے سرمئی پائےاس کو ایک الگ تاثر دیں گے۔