ڈی جی کے ڈی اے محمد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر ا سپورٹس ایاز منشی، اسپورٹس آرگنائزر ایم نسیم کے چیئرمین گل فراز احمد خان نے ہاکی کلب آف پاکستان عبدالستارایدھی اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ کا دورہ کیا۔ تربیتی کیمپ میں کے ڈی اے ہاکی ٹیم کے چار کھلاڑی شریک ہیں۔
ڈائریکٹر ا سپورٹس ایاز منشی نے اس موقع پر کھلاڑیوں اور کوچز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، قومی ہاکی ٹیم کے لیے ہماری نیک خواہشات ہیں وہ کامیابی حاصل کرے، اس موقع پراولمپین ناصرعلی، لئیق لاشاری، احتشام وارثی، انٹرنیشنل ہاکی پلیئر آصف خان، ڈاکٹر ایس اے ماجد، اعجاز الدین سمیت دیگر موجود تھے۔
سندھ اگلے سال قومی گیمز کرانے کے لئے تیار، ڈاکٹر جنید علی شاہ
چیئرمین سندھ اولمپک ایسوسی ایشن ڈاکٹر سیدجنیدعلی شاہ نے کہاہے کہ ایس اے او کو اگر نیشنل گیمز کی میزبانی ملی تو ہم ان گیمز کو شایان شاندار انداز میں کرانے کے لیے تیار ہیں تاہم ملک کے موجودہ حالات میں ان گیمز کا انعقاد ممکن نہیں البتہ اگلے برس اکتوبر نومبر میں ایونٹ آرگنائزکیا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے او کلینک آڈیٹوریم میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکیٹوکمیٹی کے اجلاس کے موقع پر کیا جس میں سیکریٹری احمد علی راجپوت کے علاوہ مختلف ایسوسی ایشن کےعہدیداران نے شرکت کی، ڈاکٹر سید جنیدعلی شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اس بات کو یقینی بنائے کہ کسی بھی متنازعہ باڈی کو ایس او اے کا حصہ نہ بنائے، اس وقت المیہ یہ ہے کہ مختلف گیمز کی کئی کئی متوازی ایسوسی ایشنز قائم ہیں، ایس او اے کو مزیدمستحکم کرنے کے لیے میراتعاون حاضر رہے گا۔
انہوں نے اس موقع پر پنجاب گیمز میں سندھ کے ایٹھلیٹس کی شرکت کے لیے اپنی جانب سے ایک لاکھ روپے کیش کا عطیہ بھی دیا اور اعلان کیا کہ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن ڈاکٹر سید محمد علی شاہ ایوارڈکااجرا کرے گا تو اس کو بھی میں اسپانسرکروں گا۔ سیکریٹری احمد علی راجپوت نے ایجنڈے کے مطابق اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور بتایاکہ سندھ میں قائم باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے صرف ایس او اے سے الحاق شدہ ایسوسی ایشنزہی قانونی تصور کی جاتی ہیں اور ان باڈیز کو ہی پی او اے قبول کرتی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے برس 2023 میں کراچی میں بیچ گیمز کے علاوہ انٹربین الصوبائی گیمز کرائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی ہدایت کے مطابق ہمیں نیاماڈل آئین تیار کرنا ہے جس کی تیاری کے لیے وسیم ہاشمی کی سربراہی میں ایک آئینی کمیٹی کا اعلان بھی کیا گیا جس کی شرکا نے متفقہ طور پر منظوری دی، کمیٹی میں خالدرحمانی، اصغربلوچ، واثق نثار شامل ہوں گے۔ انہوں نے ایس او اے سے منسلک تمام ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی جن کے الیکشن ڈپوہیں کہ وہ دسمبر2022 تک الیکشن کا عمل لازمی مکمل کرلیں۔
کراچی کے بوائز باسکٹ بال کھلاڑی ایکشن میں
کوئٹہ میں منعقد ہونے والی قومی باسکٹ بال بوائزبی گریڈ چیمپئن شپ کے لیے کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان نے سلیکشن کمیٹی کے چیرمین محمد یعقوب اراکین ظفر اقبال، فواد علی خان کی منتخب کردہ 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا، ٹیم کی قیادت بائونس کلب کے محسن ریاض کریں گے جبکہ کراچی باسکٹ بال کلب کے راج کمار لکھوانی ان کے نائب ہونگے، دیگر کھلاڑیوں میں اسد امام، زین تنویر، رانا اطہر، دانیال احمد صدیقی، علی چن زیب، علی حسن، حمزہ خواجہ، محمد طلحہ، تیمور ظہیر، عثمان بشیر جبکہ عبدالصمد، سمیر احمد اور فیضان یوسف ریزرو کھلاڑی مینیجر ظفر اقبال کوچ زاہد ملک ہوں گے۔
گرینڈ ماسٹر اشرف طائی مالی مشکلات کا شکار
دو مرتبہ کے صدارتی ایوارڈ یافتہ کراٹے گرینڈ ماسٹر75سالہ اشرف طائی ان دنوں شدید مالی مسائل سے دوچار ہیں، انہیں صحت کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے،گرین لائن بس سروس پروجیکٹ کے دوران طائی سینٹر تقریبا تین سال بند رہا جس کے باعث ہمیں مالی مشکلات نے جکڑ لیا اور گزارا مشکل ہوگیا، سینٹر کھلا تو جو وعدے کئے گئے تھے گرین لائن پروجیکٹ کی انتظامیہ نے ان پر عمل نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب طائی سینٹر کے دروازے نوجوانوں پر ایک بار پھر بند کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ گرین لائن بس پروجیکٹ کو ٹاور تک توسیع دینے کے لئے پروجیکٹ کی انتظامیہ طائی سینٹر کو کریش سینٹر میں تبدیل کرنا چاہتی ہے جبکہ ہمیں تاحال اعتماد میں نہیں لیا گیا، انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے مالی مدد کی اپیل کی ہے۔
اشرف طائی نے ملک کو مارشل آرٹ کے میدان میں 21 لاکھ سے زیادہ تربیت یافتہ کھلاڑی فراہم کئے، اشرف طائی کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ملک کے اعلی ترین سول ایوارڈ تمغہ حسن کارکردگی سے دوبار نوازا، 2012 میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اور پھر سابق صدر آصف علی زرداری نے انہیں اس اعلی ترین اعزازدیا۔