• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

دو پاکستانی کوچز ٹریننگ کیلئے انگلینڈ جائیں گے

پاکستانی فٹ بال کوچز اور کھلاڑیوں کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ انگلینڈ کے سوئیڈن ٹاون فٹبال کلب کی جانب سے ان کے مرحلہ وار انگلینڈ جانے کا راستہ کھل گیا اور انہیں ویزوں کا اجراء کرکے وہاں ٹریننگ لینے کا گرین سگنل مل گیا۔ کراچی فٹبال کلب کے کوچز باسط علی اور زبیر غلام رسول کو انگلینڈ کےویزے جاری کر دیئے گئے ہیں، دونوں کوچزرواں ماہ انگلینڈ میں کوچنگ کی ٹریننگ سوئیڈن ٹاون فٹبال کلب سے حاصل کر نے کے بعد کراچی میں موجود کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے۔ کوچز کی انگلینڈ روانگی کا اعلان کمشنر کراچی اقبال میمن نے ایک سادہ تقریب میں کیا۔ 

کمشنر کراچی نےکراچی کے فٹ بالرز کیلئے انگلینڈ جیسے فٹ بال ایکسپرٹ سے ملک میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے جہدوجہد کی اور نتیجے کے طور پر سوئنڈن فٹ بال کلب اور کراچی کلب کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں میں شرکت کا موقع ملا۔ فٹ بال کی دنیا میں نمایاں مقام رکھنے والے انگلینڈ میں ٹریننگ سے ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا ، غریب کھلاڑی جو دریا غیر میں ٹریننگ لینے کا سوچ نہیں سکتے تھے اب وہاں کے پروفیشنل فٹ بال کلبوں میں بھی مقابلہ کرتے نظر آئیں گے۔

کراچی فٹ بال کلب اور سوئنڈن ٹائون کلب کے درمیان ایم او یو کے تحت فٹ بال کوچز کو منتخب کیا گیا اورکھلاڑیوں کے ٹرائلز کے بعد 23 منتخب کھلاڑیوں سے پہلے مرحلے میں آذان اور وسیم کا انگلینڈ بھیجنے کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب کھلاڑیوں کا سوئنڈن ٹائون کلب کے کوچ الیکس پائک کی زیر نگرانی کے پی ٹی فٹ بال اسٹیڈیم میں چار روزہ فٹ بال کوچنگ کیمپ کے اختتام سےقبل پریکٹس میچ بھی کھیلا گیا تھا۔ 

کمشنر ہائوس میں کراچی فٹبال کلب کے 23 کھلاڑیوں اور 2 کوچز کو ماہانہ مشاہرہ اور کٹس دی گئیں، کمشنر کراچی نے کہا میری اولین کوشش ہے کہ کھیلوں کہ مقابلوں کو گراس روٹ لیول پر آرگنائز کیا جائے اسی سوچ سے کراچی فٹبال کلب کو انڈر 15 کھلاڑیوں پر تشکیل دیا گیا ، کلب کے کھلاڑی فٹبال کے میدان میں بھرپور انداز سے کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ کراچی فٹبال کلب کے لیے میدان کی سہولت حاصل کر لی گئی ہے جس کے کاغذی کام مکمل ہونے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا جائے گا۔ 

اس موقع پرنیشنل بینک کے محمد جنید خان نے کمشنر کراچی کوبینک کی جانب سے سوینئر پیش کیا جبکہ اسپورٹس آرگنائزر اعجاز قریشی کو ایوارڈ دیاگیا۔انگلینڈ کے سوئنڈن فٹ بال کلب کے زیراہتمام جدید کوچنگ کیلئے منتخب کئےجانے والے خوش نصیب لیاری سے تعلق رکھنے والے باسط علی نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستانی فٹ بال کا خوش نصیب شخص ہوں، انٹرنیشنل فٹ بالر کی حیثیت سے میں نے فٹ بال کھیلی۔ لیاری کے ڈی ایے ایف سائوتھ کے کلب رفیع محمد فٹ بال کلب سے اپن کیریئر کا آغاز کیا اور 2009ء میں کے پی ٹی یوتھ اور پھر 2011ء سے نیشنل بینک فٹ بال ٹیم جوائن کی اور ابھی تک اس سے وابستہ ہوں۔ 

دوسرے کوچ زبیر غلام رسول کا کہنا تھا کہ مجھے کوچنگ کیلئے انگلینڈ بھیجے جانے پر کمشنر کراچی کا مشکور ہوں۔ ٹرائلز کے موقع پر مجھے بہترین کوچ آف دی ویک قرار دیا گیا اور انگلش کوچ الیکس پائک نے ایوارڈ بھی دیا۔ انگلینڈ میں جدید کوچ کا طریقہ کار سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔ کوچز کے بعد پلیئرز دو سال کی اسکالر شپ پر انگلینڈجائیں گےاور انہیں عالمی فٹ بال کلبوں سے بھی کھیلنے کا موقع ملے گا۔ امید ہے یہ سلسلہ آگے جائے گااور ہمارے بچوں کیلئے عالمی فٹ بال میں حصہ لینے کے مواقع بڑھیں گے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید