لاہور قلندرز کے ویمن پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کے دو روزہ ٹرائل اختتام پذیر ہوگئے۔ ملک بھر سے آنے والی کھلاڑیوں میں سے 22 کو منتخب کر لیا گیا۔
لاہور قلندرز ویمن پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت گزشتہ روز ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹرائل لیے گئے جبکہ دوسرے اور آخری روز ٹرائلز کنئیرڈ کالج لاہور میں ہوئے۔ ملک کے مختلف شہروں سے آنے والی درجنوں پلیئرز نے لاہور قلندرز کے اس اقدام کو سراہا۔
سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے اور وہی معاشرہ مضبوط ہوتا ہے جہاں خواتین کا مستقبل محفوظ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میل ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کیا تھا تو بہت تنقید ہوئی تھی، پھر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف جیسے پلیئرز سامنے آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ویمن ڈیولپمنٹ پروگرام میں بھی بہت لڑکیاں آئی ہیں۔
ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ منتخب شدہ 22 خواتین کو ایک سال کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ہر ماہ ان کی پرفارمنس بھی مانیٹر کی جائے گی۔
دو روزہ ٹرائل کے بعد لاہور قلندرز نے 22 ویمن کرکٹرز کا اعلان کیا ہے۔
منتخب ہونے والی ویمن کرکٹرز نے ایسے پلیٹ فارمز کو خوش آئند قرار دینے کے ساتھ ساتھ محنت اور لگن سے پرفارم کرنے کا بھی عہد کیا۔
اس موقع پر ڈی جی اسپورٹس بورڈ طارق قریشی نے کہا کہ یہ پروجیکٹ سرکاری سطح پر ہونا چاہیے تھا مگر ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس پروجیکٹ میں لاہور قلندرز کے پارٹنر ہیں۔