اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی عوامی عہدہ کے لئے نااہلیت کے حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے دائر آئینی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی ہے،عندلیب عباس نے وزیراعظم کو سزایافتہ نواز شریف سے ملاقات پر نااہل قراردینے کی درخواست کی تھی ، تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کی جانب سے دائر درخواست پر چھ اعتراضات عائد کیے گئے ہیں،جن میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے اس چیز کی نشاندہی نہیں کی کہ کیسے یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے؟اور مفاد عامہ کے کن نکات کی بنیاد پر اس معاملے میں آئین کے آرٹیکل 184/3کا اطلاق کیا جاسکتا ہے؟مزید کہا گیا ہے کہ درخواست میں وزیر اعظم کو فریق بنایاگیا ہے کہ جبکہ آئین کے آرٹیکل 248کے تحت وزیر اعظم کو مقدمات میں براہ راست فریق نہیں بنایا جاسکتا ہے جبکہ درخواست میں آرٹیکل 184/3کے اطلاق کے بارے میں بھی مطمئن نہیں کیا گیاہے ۔