• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دی گریس فل گرامر اسکول نے دوسری بلاول بھٹو زرداری انٹر اسکولز گرلز کھو کھو چیمپئن شپ جیت کر اپنے اعزاز کا کا میاب دفاع کر لیا۔ العابد ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی، موسیٰ فاؤنڈیشن، 31ونگ سچل رینجرزاور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے تعاون سے بلدیہ پارک سعید آباد بلدیہ ٹاؤن میں منعقدہ رنگا رنگ ایونٹ کے فائنل میں ٹرو کیئر اکیڈمی کو دل چسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 

تقریب تقسیم انعامات کے موقع پرموسیٰ فاؤنڈیشن کے چیئر مین اور پاکستان پیپلز پارٹی پی ایس 115 کے سیکریٹری آصف موسیٰ کھوسو مہمان خصوصی تھے، نوشاد احمد خان، سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عارف حفیظ، چیئر مین سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن عارف وحید،سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور آرگنائزنگ سیکریٹری محمد سلیم، کراچی کھو کھو ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شہروز علوی اور دیگر بھی موجود تھے۔

مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ اسکول لیول پر اس قدر تیز رفتار کھیل میں بچیوں کی مہارت دیکھ کر مجھے حیرانی کے ساتھ ساتھ بہت خوشی بھی ہوئی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اس کھیل کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تو ہم بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

سیمی فائنل مقابلوں میں گریس فل گرامر اسکول اور گریس فل گرامر ہائی سیکنڈری اسکول کو شکست ہو گئی تھی تاہم تیسری پوزیشن کے میچ میں گریس فل گرامر اسکول نے کامیابی سمیٹ کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دی گریس فل گرامر اسکول او لیول کی وردہ اشرف کو ایونٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ایجو کیئر اکیڈمی کی جائشہ عرفان فائنل کی اور المصطفیٰ اکیڈمی کی فضا قاضی اوور آل بہترین کھلاڑی قرار دی گئیں۔

اقبال بالی کو باڈی بلڈنگ فیڈریشن کی مبارک باد

پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر طارق پرویز اور سیکرٹری جنرل طارق ظفر نے محمد اقبال بالی کو سندھ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کا سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی ذمے داری احسن طریقے سے انجام دیں گے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید