• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افواج کی قربانیاں لائق تحسین ہیں، بھارت نہیں چاہتا تھا پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلے، مقررین

برسلز (نمائندہ جنگ) ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے پاکستان کے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالے جانے کی خوشی میں ایک تقریب برسلز میں منعقد کی۔اس موقع پر نوجوان نسل نے پاکستان زندہ باد ،پاک فوج زندہ باد، جنرل قمر جاوید باجوہ زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ ملک افتخار نے کیا، آقائے نامدار حضور پر نور سرور کونین ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ تبریک پیش کیا گیا۔ پروگرام میں نیویارک سے آئے مہر عرفان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنے خطاب میں پاکستان کے حالیہ چند برسوں کے دوران پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالے جانے اور پھر 2018سے 2022 تک کی سیاسی حکومتوں کے کردار اور پاک فوج کی ملک کےلیے لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی سالمیت اور تعمیر و ترقی میں افواج پاکستان خصوصاً جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششیں بلاشبہ لائق تحسین ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بھارت اپنی مذموم کوششوں میں ناکام ہوکر رہ گیا ہے کیونکہ اس کی کوشش تھی کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطع پر بلیک لسٹ کیا جائے جس میں وہ بری طرح ناکام اور بھارت کا مکروہ چہرہ بےنقاب ہوا ، انھوں نے کہا کہ ای یوپاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ نے یورپ بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے کےلیے انتھک کوششیں اور کاوشیں سرانجام دیں۔ انھوں بے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو کبھی بھی کامیاب نہ ہونے دیں گے۔ انھوں نے 27اکتوبر 1947کے بھارتی اقدام کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی کہ بھارت امن کے نام پر مقبوضہ کشمیر کے اندر دھوکے سے اپنی فورسز کو اندر گھسا کر کشمیری عوام پر ظلم و تشدد اور بربریت کی سیاہ داستانیں رقم کرکے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچلنے کی کوششیں کررہا ہے۔ مگر سلام ان کشمیری ماؤں بہنوں بزرگوں اور نوجوانوں پر جو اپنی جانوں کے نزرانے تو پیش کرتے آرہے ہیں مگر انھوں نے تحریک آزادی کشمیر پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کی۔ چوہدری پرویز لوہسر نے کہا کہ ہم ہر سطع پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزادی کشمیر تک ان کا ساتھ دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی خلاف ورزی کرتے ہوئے وادی کشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے۔ پروگرام کے مہمان خصوصی مہر عرفان نے کہا کہ وہ امریکہ میں ای پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے پلیٹ فارم کا انعقاد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے اندر کشمیر کی آواز کو اٹھائیں گے۔ انھوں نے پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالے جانے پر پاکستانی قوم خصوصاً ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی پاکستان کےلیے کاوشوں کو زبردست انداز میں سراہا۔ مہاراجہ گروپ کے سی ای او علی چوہدری نےکہا کہ افواج پاکستان اور ملک کے دیگر اداروں اور پوری دنیا میں پھیلے سفارتکاروں نے پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ او پی سی بلجیم کے کوآرڈینیٹر سید شاہد حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کےلیے اوورسیز کمیونٹی کا کردار ہمیشہ ہی سے مثبت رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کےلیے ہر اوّل دستے کا کردار نبھاتے رہیں گے۔ انھوں نے کشمیری قوم کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے ظلم وستم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اپیل کہ وہ بھارت کو کشمیر کے اندر ظلم و تشدد سے روکیں۔ پروگرام میں ارشد محمود آصی، حسن لوہسر، حسین لوہسر، علی لوہسر، خواجہ ارسلان علی، قمر حمزہ، عظیم ڈار اور پی پی پی یورپ کے سینئر رہنما شارق صابر سمیت درجنوں افراد نے شرکت کرتے ہوئے۔ پاکستان زندہ باد پاک آرمی زندہ باد کے نعرے لگائے اور پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالے جانے پر مبارکباد دی۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی تواضع پاکستان کے روایتی پکوانوں کے ساتھ کی گئی۔

یورپ سے سے مزید