راولپنڈی(جنگ نیوز)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے مسجد نبویﷺ میں پیش آئے واقعے کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ شہباز شریف کون ہوتے ہیں جو واقعے میں ملوث افراد کو رہا کرائیں۔ سیاستدان اپنی گندگی کو اس واقعے سے دور رکھیں، سیاستدانوں کو اپنے رویوں پر غور کرنا چاہیے،مسجد نبوی میں وفاقی وزراء کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر شیخ رشید کے خلاف اٹک میں درج مقدمے کی درخواست اخراج پر سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی میں ہوئی۔وکیل شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم نے سعودی عرب جاکر واقعے میں ملوث افراد کو رہا کرا دیا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا اس کیس سے کیا تعلق؟ شہباز شریف کون ہوتے ہیں جو واقعے میں ملوث افراد کو رہا کرائیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیاستدان اپنی گندگی کو اس واقعے سے دور رکھیں، سیاستدانوں کو اپنے رویوں پر غور کرنا چاہیے، بھارتی چینلز آپ نے دیکھے ہیں، وہ کیسا گند اچھال رہے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے تفتیشی افسر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ قرآن پڑھ لیں جس میں واضح ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آواز سے اپنی آواز نیچی رکھو، آپ کو 4 دن کی مہلت دیتے ہیں، افسوسناک واقعے کی ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کو گرفتار کریں۔