مانچسٹر (نمائندگان جنگ) سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان پر بزدلانہ قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت پاکستان اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات جلد از جلد کرائی جائیں اور تمام حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔ یہ بات برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنما اور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل فاروق احمد ایڈووکیٹ اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ محمد سعید مغل ایم بی ای نے جنگ اور جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کی ۔ دونوں شخصیات نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سیاست میں تشدد اور نفرت کی جو آگ سلگائی گئی یہ واقعہ اسی کا شاخسانہ ہے۔ آج ایک مرتبہ پھر عالمی میڈیا پر برملا اظہار ہو رہا ہے کہ کیا پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے اور یہ تشدد اور نفرت کی جو لہر شروع ہوئی ہے اس کا آخر کار انجام کیا ہو گا۔ دونوں شخصیات نے اس بات پر زور دیا کہ عمران خان ایک بڑی جماعت کے لیڈر ہیں اور پاکستان کی سیاست میں ایک حقیقت ہیں۔ عمران خان اس موقع پر صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں اور اس پُر تشدد واقعہ کی مکمل تحقیقات تک انتظارکریں،جس جلد بازی میں وزیر داخلہ اور وزیر اعظم پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا گیا وہ قابل افسوس بات ہے ۔دونوں شخصیات نے اس بات پر زور دیا کہ ہم پہلے ہی ایک اعلی پائے کی سیاسی لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو کو کھو چکے ہیں اب پاکستان اس بات کا متحمل نہیں ہو سکتا کہ ایک اور سیاسی لیڈر کا نقصان اٹھایا جائے۔ سیاست کو دشمنی میں تبدیل نہ کیا جائے، سیاست کے مروجہ اصول اورضابطے ہیں، سیاست کو عبادت سمجھ کر کریں اور حکومت اور اپوزیشن دونوں پاکستان کی سلامتی کو مد نظر رکھ کر گفت و شنید سے مسائل کا حل نکالیں، بار بار قومی سلامتی کے اداروں پر غیر ضروری گفتگو سے آگ اور بڑھکے گی اور کہیں پھر ( میرے عزیز ہم وطنو ) کی سدا نہ سننی پڑ جائے پھر ساری بساط ہی لپیٹ دی جائے گی ۔