• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصر میں منعقدہ کانفرنس موسمیاتی تبدیلی کیخلاف سنگ میل ثابت ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد (اے پی پی، پی پی آئی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوپ-27 کانفرنس موسمیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کیخلاف سنگ میل ثابت ہوگی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو نظرانداز کرنا مجرمانہ غفلت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹ میں ایک بیان میں کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والی کلائمٹ چینج کانفرنس میں شرکت کیلئے مصر پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلیٰ حکام بھی موجود ہونگے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ موسمیاتی انصاف (کلائمٹ جسٹس) کی ضرورت کو اجاگر کیا جائے گا، وزیر اعظم اپنے خطاب میں اہم مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کرینگے۔انہوں نے کہ وزیر اعظم کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملیں گے، وزیر اعظم ناروے کے ہم منصب کے ہمراہ گول میز کانفرنس میں شرکت کرینگے۔وزیر اعظم آج و مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کرینگے، کانفرنس کی میزبانی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔ قبل ازیں اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ کوپ-27 کانفرنس کا مصر میں انعقاد ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی حدت کے خلاف انسانیت کی جنگ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔اس وقت پاکستان اور افریقہ میں انتہائی موسمی واقعات نے ماحولیاتی تبدیلی کی عالمگیریت کو ظاہر کیا ہے، اس کے مہلک اثرات پر آنکھیں بند کرنا مجرمانہ غفلت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جی 77 کی صدارت کرتے ہوئے دنیا پر زور دیں گے کہ وہ کلائمیٹ فنانسنگ اور نقصانات کے ازالہ کیلئے فنڈ کے طور پر اپنے وعدہ کو پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مالی مدد کے بغیر ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلی کے متعدد خطرات سے دوچار رہیں گے، ہم آب و ہوا کا انصاف مانگ رہے ہیں، حالیہ قدرتی آفات کے بعد ضروریات کے جائزہ سے یہ بات سامنے آئی کہ قرضوں، توانائی اور خوراک کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں اور فنڈز کی کمی کی وجہ سے متاثرین کی بحالی کیلئے ہماری کوششوں میں رکاوٹ آسکتی ہے، دنیا پاکستان کو کیس سٹڈی سمجھے۔
اہم خبریں سے مزید