لاہور ( این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان سے زمان پارک لاہورمیں ان کے دونوں بیٹوں نے ملاقات کر کے خیریت دریافت کی ۔عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کے دونوں صاحبزادے قاسم اور سلیمان اپنے والد کی خیریت دریافت کرنے پاکستان پہنچے ہیں۔لاہور ایئرپورٹ سے انہیں بلٹ پروف گاڑی اور اسکواڈ کی سکیورٹی میں زمان پارک لاہور پہنچایا گیا۔ دونوں صاحبزادے اپنے والد کے گلے لگ کر ملے اور ان کی خیریت دریافت کی۔قاسم اورسلیمان نے کہا کہ آپ پر حملے کی خبر نے پریشان کر دیا تھا۔ عمران خان بڑے حوصلے اور مسکراہٹ کے ساتھ بیٹوں سے ملے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے حملے میں بچایا۔