• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرجانی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ، مختار کار جاں بحق، 2 زخمی


کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا مختار کار اعجاز چانڈیو انتقال کرگیا۔

کراچی غربی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے مختار کار جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس ویسٹ کراچی فیصل بشیر میمن کے مطابق واقعہ سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود تیسر ٹاؤن کے ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ میں فلاحی پلاٹوں کی زمین پر قبضہ کرنے والے مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران پیش آیا۔

فیصل بشیر میمن کے مطابق ضلعی انتظامیہ، اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ اور سرجانی ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچی اور ایک زیر تعمیر دکان کو مسمار کرنا شروع کیا تھا کہ قبضہ مافیا کے لوگ وہاں جمع ہوگئے۔

جنہیں منتشر کرنے کے لیے اینٹی انکروچمنٹ سیل کے عملے نے کارروائی کی اس دوران جمع ہونے والے افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مختار کار منگھوپیر اعجاز چانڈیو، ایک تحصیلدار اور ایک سرکاری ملازم زخمی ہوئے۔

انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے  اعجاز چانڈیو کی موت کی تصدیق کردی، مقتول ضلع نوشہروفیروز کے شہر مٹھیانی سے تعلق رکھتے تھے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق فائرنگ کے اس واقے  کے بعد آپریشن روک دیا گیا تھا، ضابطے کی کارروائی کی جا رہی ہے اور ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید