• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ارب 70 کروڑ کی گھڑی بیچنےکا معاملہ حل کرنا پڑے گا، خرم دستگیر

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ایک ارب 70 کروڑ کی گھڑی بیچنے کا معاملہ حل کرنا پڑے گا، عمران خان کی حکومت تھی، دستاویزی ثبوت ان کے پاس ہونے چاہئیں، عمران خان ثبوت دیں معاملہ حل ہوجائے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام  کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ عمران خان نے قانون بدلا، لیکن 20 فیصد ادائیگی کا فائدہ اٹھایا، ادائیگی 50 فیصد کرنے کے بعد کوئی تحفہ ظاہر نہیں کیا۔

خرم دستگیر نے کہا کہ جن جن کا نام آرہا ہے وہ آئیں، صرف باتوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، عمران خان کو گھڑی کی ریکویزیشن کا کاغذ دکھانا پڑے گا، گھڑی کی قیمت کاجائزہ کس نے لیا، کب لیا، دستاویز بھی دکھانا ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریکویزیشن، ایویلویشن اور ادائیگی کس کو ہوئی اس کی دستاویز نکالنا ہوگی، ایک بہت بڑا بار ثبوت عمران خان پر آگیا ہے۔

خرم دستگیر نے مزید کہا کہ 2019 میں گھڑی کی قیمت ایک ارب 70 کروڑ روپے تھی، آج اس گھڑی کی قیمت 2 ارب روپے سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان کے پاس اس وقت دو کروڑ روپے تھے؟ کیا عمران خان نے دو کروڑ روپے ڈیکلیئر کیے ہوئے تھے؟ کیا رقم کی ادائیگی ڈیکلیئرڈ اکاؤنٹ سے ہوئی؟

قومی خبریں سے مزید