لاہور(نمائندہ جنگ) قاتل ڈور گلے پر پھرنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق ، نوجوان آدھے گھنٹے تک سڑک پر تڑپتا رہا، کوئی مدد کو نہ آیا، لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا،افسوسناک واقعہ نواں کوٹ کے علاقے یتیم خانہ چوک میں ہوا، جہاں ہنجروال کا رہائشی 18سالہ شہزاد شبیر موٹرسائیکل پر ناشتہ لینے جارہا تھا کہ اچانک انتہائی خطرناک کیمیکلز سے بنی پتنگ کی ڈور گلا چیر کر نکل گئی، نوجوان آدھے گھنٹے تک سڑک پر تڑپتا رہا، اور جب امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو وہ دم توڑ چکا تھا، لاش گھر پہنچنے پر صف ماتم بچھ گیا،ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی،جاں بحق نوجوان کے والد شبیر احمد کا کہنا ہے کہ خطرناک ڈور نے انکا گھر اجاڑ دیا، اعلٰی حکام نوٹس لے کر انصاف فراہم کریں۔