• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوتھی کومبیکس ایشین انٹرنیشنل اوپن تائی کوانڈو چیمپئین شپ میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرنے والی نقش ہمدانی نے کہا ہے کہ گولڈ میڈل جیتنا میرے لئے اعزاز ہے ، جیت سے مجھے نیا جذبہ ملا ، ایشیاء کے سب سے بڑے تائیکوانڈو ایونٹ کیلئے میں نے خاصی تیاری کی تھی میری کامیابی میں ایران سے تعلق رکھنے والے میرے ہیڈ کوچ ماسٹر یوسف کرامی نے اہم کردار ادا کیا۔ 

54- کے جی فائنل کے گولڈ میڈلسٹ شاہ زیب خان کاکہنا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حکومتی اور پرائیوٹ اداروں کیجانب سے حوصلہ افزائی کی جائے تو مستقبل میں مزید بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں 87+ کے جی کے سلور میڈلسٹ حمزہ سعید نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں میڈلزجیتنا ملک میں کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے بہت معاون ثابت ہوتا ہے۔ 

جونیئر کیٹیگری 73+کے برانزمیڈلسٹ سعدآصف نے اپنامیڈل 16 دسمبر کے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے نام کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے مقابلے کاتجربہ شاندار رہا بڑے ایونٹ سے بہت کچھ سیکھنے کوملا مستقبل میں ملک کیلئے گولڈمیڈل جیتنے کی کوشش کروں گا۔ 

دوسری جانب پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن اور کوریا کی گیونگیڈو تائی کوانڈو ایسوسی ایشن کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد دونوں ممالک میں اس کھیل کے باہمی مفاد سے متعلق امور کی ترقی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم جنجوعہ اور گیونگیڈو تائیکوانڈوایسوسی ایشن کے صدر کم کیونگ ڈوک نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ 

اس موقع پر پی ٹی ایف کے چیف ایگزیکٹیوآفیسر عمر سعید، سیکریٹری مرتضیٰ بنگش، ویمن ونگ کی صدرصبا شمیم اور ایگزیکٹو ممبر فرح سعید جبکہ جی ٹی اے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کم پیونگ، ڈائریکٹر جی ٹی اے ماؤن ہیو سونگ اور چیئرپرسن اوم کان گسپ بھی تقریب میں موجود تھیں۔ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے معاملات، مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کروانے میں بطور شراکت دار اتفاق بھی کیا۔ ایم او یو کے تحت دونوں تائیکوانڈو فیڈریشنز ایک دوسرے کے ساتھ کھیل سے متعلق تیکنیکی معلومات اور دیگر متعلقہ منصوبوں کا اشتراک کریں گی۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید