• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ورلڈ کپ فٹبال، ٹاپ 16 ٹیمیں کروڑ پتی بن جائے گی

یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کا کوئی ملک پہلی بار موسم سرما میں ورلڈ کپ فٹبال مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ورلڈ کپ 2022 کے لیے کوالیفائرز تین سال قبل شروع ہوئے تھے۔ 2018 کا ورلڈ کپ جیتنے والی فرانس کی ٹیم تو ان مقابلوں میں شامل مگر موجودہ یورپی چیمپئن اٹلی کوالیفائی نہیں کر سکی۔فائنلز کے لیے 32 ٹیموں کو چار، چار کے آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ایک ہی برِاعظم کی ٹیموں کو الگ الگ گروپس میں رکھا گیا، فیفا ورلڈکپ اپنے طے شدہ شیڈول سے ایک روز قبل اگلے ماہ20 نومبر سےشروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ سینیگال اور ہالینڈ کے درمیان 21 نومبر کو طے تھا لیکن فیفا گورننگ باڈی کے انتظامی معاملات کےشعبے کی جانب سے پہلا میچ قطر کو منتقل کرنے کی تجویز دی گئی۔

تاہم اب 20 نومبر کو ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب ہوگی اور اسی روز قطر اور ایکواڈور کے درمیان ورلڈکپ کا پہلا میچ کھیلا جائے گا،ٹورنامنٹ کی روایت رہی ہے کہ افتتاحی میچ میں میزبان ٹیم ایکشن میں ہوتی ہے،پہلی مرتبہ کوئی عرب ملک اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔قطر پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے 37 لاکھ ڈالر کے عوض فیفا حکام کی حمایت خریدی ہے تاہم دو سالہ تحقیقات کے بعد اسے کلیئر کر دیا گیا۔

قطر میں شائقین کا جوش وخروش عروج پر دکھائی دے رہا ہے، ملک بھر میں خیر مقدمی بینرز آویزاں کردئیے گئے ہیں، دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑیوں کی تصاویر سڑکوں پر لگادی گئی ہے، فٹبال ورلڈکپ دنیا میں کھیلوں کا سب سے بڑا ایونٹ ہے اور تمام براعظموں سے تعلق رکھنے والے ممالک اس کا حصہ بننے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔2018 میں فٹبال ورلڈ کپ کو 3.572 ارب ناظرین نے دیکھا تھا جبکہ فرانس اور کروشیا کے درمیان فائنل کو دیکھنے والوں کی تعداد 1.12 ارب تھی۔ فیفا نے ورلڈکپ 2022 کے لیے 44 کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم مختص کی ہے۔

اس ایونٹ کے فاتح کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے جبکہ رنراپ ٹیم 3 کروڑ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔ تیسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کے حصے میں 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز آئیں گے جبکہ چوتھے نمبر کی ٹیم ڈھائی کروڑ ڈالرز جیت لے گی۔5 سے 8 ویں پوزیشن پر رہنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔9 سے 16 ویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم کے حصے میں ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالرز آئیں گے۔17 سے 32 ویں پوزیشن پر رہنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔ 2018 میں ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی تھی۔ قطر نے اس ایونٹ کے لیے 8 اسٹیڈیمز تعمیر کیے ہیں اور ہر اسٹیڈیم میں ائیرکنڈیشننگ سسٹم موجود ہے۔ 

ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 64 میچز کھیلے جائیں گے اور فاتح ٹیم کا فیصلہ 18 دسمبر کو ہوگا۔ یہ 32 ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا آخری ٹورنامنٹ بھی ہے، 2026 کے ورلڈکپ میں 48 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔بالی وڈ کی نامور اداکارہ نورا فتیحی نے بڑا عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔ وہ فیفا ورلڈ کپ کی میوزک ویڈیو کا حصہ بن گئیں۔ اختتامی تقریب میں نورا فتیحی نہ صرف پرفارم کریں گی بلکہ گانا بھی گائیں گی۔ 

ایونٹ میں مشہور شخصیات پٹبل، جینیفر لوپیز اور شکیرا بھی جلوہ گر ہوں گی۔ ورلڈ کپ سیکیورٹی کے انتظامات سنبھالنے کے لیے پاک فوج کا دستہ قطر پہنچ گیا، قطری حکومت نے پاکستان سے سیکیورٹی میں معاونت کی درخواست کی تھی۔ اگلا ورلڈ کپ دنیا کے کئی نامور فٹبالرز کا آخری عالمی ایونٹ بھی ہوگا۔ (نصر اقبال)

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید