لاہور (اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کیخلاف درخواست پر فل بینچ تشکیل دیدیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں فل بینچ آئندہ ہفتے درخواست پر سماعت کریگا ۔فل بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت عالیہ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی پر مشتمل سنگل بینچ نے دائر درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوائی تھی ۔ درخواست گزار شہری جابر عباس نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں کہ کسی کو نااہل کر سکے جس بنیاد پر عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا وہ آئین میں موجود ہی نہیں ،الیکشن کمیشن مس ڈیکلریشن پر 120 دن میں ایکشن لے سکتا ہے اسکے بعد نہیں ، کسی بھی رکن پارلیمنٹ کو نااہل کرنے کا اختیار الیکشن ٹریبونل کا ہے کمیشن کا نہیں ۔