• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوشش ہے سندھ کو امن، انصاف اور رواداری کا مرکز بنايا جائے، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے حيدرآباد ميں قومی عوامی تحريک کے سربراہ اياز لطيف پليجو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ 

اس موقع پر گورنر سندھ اور اياز لطيف پليجو نے ملک اور سندھ کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی۔ 

میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ سندھ کو امن، انصاف اور رواداری کا مرکز بنايا جائے۔ معيشت بہتر بنانے اور سندھ اور ملک کو خوشحال بنانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ایاز لطیف نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ معاشی و سیاسی بحران کے وقت افہام و تفہیم سے مسائل حل کرنا ہوں گے۔ ایاز لطیف پلیجو نے سندھ ميں شفاف بلدياتی انتخابات جلد ازجلد کروانے کا بھی مطالبہ کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ ایاز لطیف پلیجو نے جو بتایا اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، حکمران شاید بھول گئے کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے آئے تھے۔ 

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہم سب کو سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کروں گا۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں دو ڈپٹی کمشنرز پر اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے، کرپشن کے الزام پچھلے ہفتے ہی سامنے آئے، تمام اداروں نے نوٹس لیا ہے۔  بہت جلد کرپشن میں ملوث افراد کیفر کردار تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے وفاق یا صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی پشت پناہی نظر نہیں آتی۔

قومی خبریں سے مزید