کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں آج سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کا دن انتہائی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں یوم ثقافت کے حوالے سے مختلف پروگرام اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھی کلچرل ڈے پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین ثقافتوں میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت میں اجرک، ٹوپی کے خوبصورت رنگوں کے ساتھ محبت اور احترام موجود ہے، قوموں کے لباس، کھانے، انداز، اظہارِ محبت ثقافتی اعتبار سے ان کو معتبر بناتا ہے، سندھی ثقافت کے رنگوں نے پوری دنیا میں محبتیں سمیٹی ہیں۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے سندھ کی ثقافت کے دن پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اجرک والی شرٹ پہنے تصویر شیئر کر دی۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ سندھ ثقافت اور تہذیب کا مرکز ہے، ہمیں سندھ کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب پر فخر ہے۔
وزیرِ توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سندھی ثقافت کے دن پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کے ثقافتی دن پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ضروری ہے کہ ہم ان تمام چیزوں کی حفاظت کریں جو ہماری ثقافت کا حصہ ہیں۔
امتیاز شیخ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ثقافت لوگوں کی زندگی میں خوشیوں کے رنگ بکھیرتی ہے۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے سندھ کے یومِ ثقافت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھی ثقافت سندھ کی انسان دوست روایات کو آگے بڑھانے کا نام ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ شاہ لطیف، سچل سرمست اور لعل شہباز قلندر کی دھرتی ہے۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا ہے کہ سندھی ثقافت تہذیب اتحاد، محبت اور انسانی احترام کی ثقافت ہے، ثقافت اپنی دھرتی سے جڑے رہنے کا نام ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کی ثقافت مختلف ثقافتوں کا گلدستہ ہے، سندھی ثقافت اس گلدستے میں نمایاں ہے۔
کراچی کے گورنمنٹ گرلز پرائمری خداد کالونی اسکول میں آج سندھی کلچر ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اسکول میں بچوں نے ٹیبلوز پیش کیے اور سندھی گانوں پر رقص بھی کیا۔
سیہون میں آج ثقافت ڈے کی رنگارنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، سندھی ٹوپی اجرک پہنے بچے اور بڑے کلچرل ڈے کی تقریبات میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر طلباء نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کا دن منا کر ہم بہت خوشی محسوس کرتے ہیں۔
کندھ کوٹ میں مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں نے سندھی ٹوپی اجرک پہن کر ریلیاں نکالیں۔
سندھی کلچرل ڈے کی ریلیاں مختلف راستوں سے ہو کر پریس کلب پہنچیں۔
ریلیوں میں شریک لوگوں نے مختلف سندھی گیتوں پر رقص بھی کیا، ثقافتی ڈے پر مرکزی تقریب پریس کلب میں منعقد کی گئی۔
ٹنڈوالہٰ یار میں بھی سندھی کلچرل ڈے کے موقع پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
سیاسی، سماجی تنظیموں اور شہریوں نے ریلیاں نکالیں، بچوں نے چاروں صوبوں کے روایتی لباس پہن کر ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔
خیرپور میں سندھی ثقافتی دن پر پنج گلہ چوک، چھتری چوک، مال روڈ اور اسٹیشن روڈ پر اسٹال لگا دیے گئے۔
ٹھٹھہ میں سندھی کلچرل ڈے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
ٹھٹھہ کے گاؤں عارب سولنگی کے پرائمری اسکول میں اس دن کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی۔
طلباء و طالبات نے تقریب میں مٹی سے مختلف چیزیں بھی بنائیں۔