• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ورلڈ کپ فٹبال، کروشیا اور مراکش نے حیران کردیا

فیفا ورلڈ کپ فٹ بال میں کروشیا نے ایک اوربڑی کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں ٹاپ فیورٹ برازیل کو شکست دیکر دوسری بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی جبکہ دوسری جانب ارجنٹائن نے بھی پنالٹی ککس پر ہالینڈ کو ہراکر ٹاپ فور میں جگہ حاصل کی۔ فرانس اور مراکش بھی سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں جہاں آج سے دوٹاپ ٹیموں کی جنگ کا آغاز ہوگا۔

کروشیا کی برازیل کے خلاف کامیابی اس کی بہترین کارکردگی کہی جاسکتی ہے۔ اسے اپ سیٹ کہا جانا اس ٹیم کے ساتھ زیادتی ہوگی کیونکہ اس ٹیم نے ٹاپ فیورٹ کو پورے میچ میں تگنی کا ناچ نچا کر رکھا اور میچ میں سابق عالمی چیمپئن سے بہترکارکردگی کامظاہرہ کرکےفتح اپنے نام کی۔

2018 میں روس میں ہونے والے ورلڈ کپ فٹ بال میں کروشین ٹیم نے ایسی ہی حیران کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کےفائنل میں جگہ بنائی تھی لیکن میں فرانس نے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا فاتح ہونےکا اعزاز حاصل کیا تھا۔ گزشتہ ورلڈ کپ میں تو کروشیا کی کارکردگی کواپ سیٹ قرار دیا جارہا تھا لیکن موجودہ ایونٹ میں کروشین کھلاڑیوں نے واقعی کمال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح سمیٹیں۔ اس نےگروپ ایف کے ابتدائی مقابلوں میں ایک میچ جیتا اور دوڈرا کرکے پانچ پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

پری کوارٹرفائنل میں بھی اس کی کارکردگی متاثرکن رہی جہاں اس نےجاپان کوایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی ککس پرشکست دیکر ٹاپ ایٹ میں جگہ بنائی۔ کروشین گول کیپر ڈومینک لیواکووک کی کارکردگی جاپان کے خلاف بھی شانداررہی تھی اور انہوں نے جاپانی کھلاڑیوں کے تین یقینی گول کو بچا کر انہیں ایونٹ سے آئوٹ کرایا۔ جاپان اور کروشیاکے درمیان کھیلا جانے والا میچ پری کوارٹرفائنل کا پہلامیچ تھا جو پہلے اضافی وقت اور پھر پینلٹی ککس کے نتیجے پرگیا۔

جاپانی کھلاڑیوں نےمیچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ میچ کا پہلا گول 43ویں منٹ میں جاپان کے مائزین مائیڈا نے کرکے ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی۔ پہلے ہاف کے اختتام جاپان کو برتری حاصل رہی۔ دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی کروشین کھلاڑیوں نے جاپانی گول پر حملےکئے اور 55ویں منٹ میں آئیون پیریسک نے ہیڈر کے ذریعے خوبصورت گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ مقابلہ کھیل کے اختتام تک ایک ایک گول سےبرابر رہا۔

میچ برابر ہونے پر دونوں ٹیموں کو گول کرنےکا آدھے گھنٹے کا وقت دیا گیا لیکن اس میں بھی مقابلہ کا نتیجہ نہ نکلنے پر پنالٹی ککس ایوارڈ کی گئی جس میں کروشیا کے گول کیپرنے جاپان کی جانب سے لگائی جانے والی دونوں پنالٹی ککس کو روک کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔ یہی کارکردگی کروشین گول کیپر ڈومینک لیواکووک نےکوارٹر فائنل میں پانچ بار فیفاورلڈ کپ فٹ بال جیتے والی برازیلین ٹیم کے خلاف دکھائی اور چیمپئن ٹیم کی چھٹی بار ٹورمنٹ جیتنے کی امیدوں کو خاک میں ملا کر اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کھیلنےکا اعزاز دلوایا۔ 

دوسرےکوارٹر فائنل کا نتیجہ بھی انتہائی سنسنی خیز رہا جس میں ارجنٹائن نے پنالٹی ککس پر ہالینڈ کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اس کوارٹر فائنل کو اجنٹائن کیلئے آسان قرار دیا جارہا تھا اوراس کے کھلاڑیوں دو گول کرکے کھیل کے 82 تک مکمل اجارہ داری رکھی اور ایسا لگتا تھا کہ ارجنٹائن یہ میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا لیکن 83 ویں منٹ میں کھیل نے پلٹا کھایا اور ہالینڈ کے کھلاڑی واٹ وےہاسٹ نے آخری لمحات میں مسلسل دوگول کرکے کھیل کا نقشہ تبدیل کردیا۔ 

لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ہالینڈ کو میچ کا پہلا کارنر ملا جس کا فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔ 35 ویں منٹ میں ایک بہترین موو کے ذریعے مولینا نے گول کرکے ارجنٹائن کو ایک صفرکی برتری دلادی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ 

دوسرے ہاف کے 61ویں منٹ میں میسی کو گرانےپر ارجنٹائن کو ٹاپ ڈی فری کک ملی، میسی کی ہٹ گول کے انتہائی نزدیک سے ہوتی ہوئی گزرگئی۔ 71ویں منٹ میں ڈی میں ارجنٹائنی کھلاڑی مارکس کو گرانے پر ارجنٹائن کو پینلٹی کک دی گئی جس پر لیونل میسی نےگول کرکے ارجنٹائن کو 2-0 کردی اور ایسا لگتا تھا کہ ارجنٹائن باسانی اس میچ میں فتح حاصل کرلے گی لیکن۔83 ویں منٹ میں ہالینڈ کے واٹ وے ہاسٹ نے ہیڈر کے ذریعے خوبصورت گول کرکے خسارہ 2-1کیا۔89ویں منٹ میں ارجنٹائن کے لیانڈرو کے مخالف کھلاڑی کو گرانے پر یلو کارڈ دکھایا گیا اور ہالینڈ کو ٹاپ ڈی پرفری کک ملی۔ 

اختتامی لمحات سے قبل بھی ڈچ ٹیم کوٹاپ ڈی فرکی ہٹ ملی جس کا فائدہ نہیں اٹھایا گیا لیکن کھیل کے اختتامی انجری ٹائم میں ملنے والی فری ہٹ پر ہالینڈ کے وے ہاسٹ نے اپنااور ٹیم کا دوسرا گول کرکے میچ دو دو گول سے برابر کردیا۔ میچ تیس منٹ کے اضافی وقت میں بھی دو دو گول سےبرابر رہا اور یوں پینلٹی ککس پر ارجنٹائنی گول کیپرکی عمدہ کارکردگی کی بدولت ارجنٹائن نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں سنسنی خیز اور حیران کن نتائج سامنے آئے۔ چار بار ورلڈ کپ جیتنے والی جرمنی کی ٹیم کا ایونٹ سے باہر ہونا حیران کن رہا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کی تاریخ میں برازیل پانچ بار ٹورنامنٹ جیت کر سرفہرست ہے جبکہ چار بار ٹورنامنٹ جیتنے والی اٹلی کی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں بھی کامیابی حاصل نہ کرسکی تھی، گروپ اسٹیج مرحلے میں بلجیم جیسی بڑی ٹیم کا اخراج بھی شائقین کیلئے حیران کن ہے، فیفا ورلڈ کپ کے گزشتہ 21 ایڈیشن میں یہ پہلا موقع تھا جب میزبان ٹیم کو افتتاحی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دنیائے کھیلوں کا یہ بڑا ایونٹ مردوں کے شانہ بشانہ خواتین کو اختیارات دینے کے حوالے سے بھی یاد گار رہے گا۔ ورلڈ کپ میں خواتین کو ریفریز مقرر کرکے اس ایونٹ کی 88سالہ تاریخ تبدیل کردی گئی جہاں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین ریفریز کو بھی اس ایونٹ میں خدمات انجام دینے کا موقع ملا۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید