• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے پاکستانی او ٹی ٹی اسٹریمنگ پلیٹ فارم بلاک کردیا

نئی دہلی(اے پی پی)نریندر مودی کی قیادت میں فرقہ پرست بھارتی حکومت نے پاکستانی ویب سیریز سیوک دی کنفیشنز پر پابندی لگا دی ہے اور ویب سیریز نشر کرنے والے اوٹی ٹی اسٹریمنگ پلیٹ فارم وڈلی ٹی وی بلاک کرنے کا حکم جاری کیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آن لائن سیریز میں آپریشن بلیو سٹار اور ایودھیا میں بابری مسجد کی شہادت، گراہم سٹینز نامی عیسائی پادری کے قتل، مالیگائوں دھماکوں، سمجھوتہ ایکسپریس دھماکوں، ستلج جمنا لنک کینال سے متعلق بین الریاستی دریائی پانی کے تنازعے جیسے مختلف واقعات کے دوران یا ان کے بعد پیش آنے والے واقعات میں سکھوں اور مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے ایک حکم نامے میں دعویٰ کیا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر نشر ہونے والی ویب سیریز بھارت کے دفاع، ریاست کی سلامتی، غیر ملکی ریاستوں کے ساتھ بھارت کے دوستانہ تعلقات کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی، خودمختاری اور سالمیت اور ملک میں امن وامان کے لیے نقصان دہ پائی گئی ہے۔