شاہ چارلس سوم کو مبینہ طور پر ہیری اور میگھن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والے دستاویزی فلم کے ٹریلر پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شاہ چارلس کا شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے شاہی ٹائٹلز چھیننے کا ارادہ نہیں ہے۔
رپورٹ میں ایک شاہی مبصر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ شاہ چارلس سوم کو شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی دھماکا خیز دستاویزی سیریز کے ٹریلر کی ریلیز سے کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔
شاہی مبصر کا کہنا ہے کہ شاہ چارلس کی جانب سے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے شاہی ٹائٹلز واپس لینے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ ایسا کرنا شاہی خاندان کی حیثیت کے حساب سے بہت چھوٹی اور نامناسب بات ہو گی۔
شاہی مبصر کا مزید کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے ہیری اور میگھن کے شاہی خاندان پر لگائے گئے الزامات سچ ثابت ہو جائیں گے۔
اس شاہی جوڑے کے ناقدین اس خبر پر خوش نہیں ہیں اور یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں نیٹ فلکس کی اس دھماکا خیز دستاویزی فلم کے بعد ان کے تمام شاہی ٹائٹلز سے محروم کر دینا چاہیے۔
ناقدین کے اس مطالبے کی وجہ ہیری اور میگھن کی جانب سے دستاویزی فلم میں شاہی خاندان پر عائد کیے گئے نسل پرستی کے نئے الزامات ہیں۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری نے اپنی دستاویزی فلم کے نئے ٹریلر میں شاہی محل پر اپنے اور میگھن مارکل کے خلاف سازشیں کرنے کا الزام لگایا ہے۔
اس دستاویزی فلم میں میگھن مارکل نے شاہی خاندان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہیں احساس ہوا کہ وہ شاہی خاندان میں کبھی بھی محفوظ نہیں رہیں گی۔
دوسری جانب شہزادہ ہیری کا بھی کہنا ہے کہ جو کچھ ہوا اب پیچھے مڑ کر اسے دیکھنا بہت مشکل ہے۔