جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل لرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان اب کہتا ہے سائفر، سازش اور خط کو بھول جاؤ، عمران خان اب امریکا سے تعلقات چاہتا ہے، امریکا میں عمران خان کیلئے لابنگ کی جا رہی ہے۔
سابق ایم پی اے حفیظ اللّٰہ علیزئی اور سمیع اللّٰہ علیزئی نے جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر ڈی آئی خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مضبوط، ترقی یافتہ اور پرامن پاکستان ہماری منزل ہے، بڑی شخصیات ہماری جماعت میں شامل ہو رہی ہیں، ڈی آئی خان جلد تجارت کا جنکشن بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت وزیراعظم اس ماہ منصوبوں کا اعلان کریں گے، ڈی آئی خان زراعت کےحوالے سے مفید علاقہ ہے، لوگ سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ استعفے کی باتیں بلیک میلنگ کا حصہ ہے، استعفوں کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے، پی ٹی آئی ملک میں تخریب کاری چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اندازہ نہیں تھا ملک اس قدر دلدل میں جا چکا ہے، عمران خان ملک میں مزید مشکلات پیدا کرنےکا سوچ رہا ہے، ہمیں عمران خان کی سوچ کو شکست دینی ہوگی، پہلے بھی کہا تھا نیب کالا قانون ہے، ہماری خارجہ پالیسی پاکستان کے مفاد کیلئے ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سیاست میں ادارے کی مداخلت کے تاثر کو زائل کرنےکی ضرورت ہے، عمران خان کی حکومت نے پچھلی تمام حکومتوں سے زیادہ قرضے لیے، خیبر پختونخوا میں تمام میگا پروجیکٹ وفاق کے فنڈز سے ہو رہے ہیں۔