نوجوان اسپنر ابرار احمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے نیا ریکارڈ بنادیا۔
ابرار ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے، نوجوان اسپنر اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں جبکہ اب تک 15 ٹیسٹ وکٹیں لے چکے۔
ابرار احمد نے ملتان ٹیسٹ میچ کی پہلی اور دوسری اننگز کے بعد اب کراچی ٹیسٹ کی بھی پہلی اننگز میں اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کر لی۔
پاکستان کے نوجوان اسپنر نے ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے پہلے اوور میں زیک کرولی جبکہ دوسری اننگز کے پہلے اوور میں ول جیکس کو آؤٹ کیا تھا۔
ابرار احمد نے ملتان ٹیسٹ کے بعد پہلے اوور میں وکٹ لینے کے انداز کو کراچی میں بھی برقرار رکھا، انہوں نے کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے پہلے ہی اوور میں زیک کرولی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
نوجوان اسپنر ابرار احمد اب تک 15 ٹیسٹ وکٹیں لے چکے ہیں، اس سے قبل فضل محمود نے کیریئر کے ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں 14 وکٹیں لی تھیں۔
ابرار نے ملتان ٹیسٹ میں 11 وکٹیں، کراچی میں پہلی اننگز میں چار وکٹیں لیں، مجموعی طور پر دو ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 24 وکٹیں بھارت کے نریندر ہیروانی نے حاصل کی تھیں۔