بھارتی اداکارہ تونیشا شرما کی موت کی تفتیش کے لیے ساتھی اداکار شیزان خان کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ٹی وی شو کے سیٹ پر خود کشی کرنے والی 20 سالہ بھارتی اداکارہ تونیشا شرما سے متعلق کیس کی تفتیش جاری ہے۔
آنجہانی اداکارہ کے قریبی دوست اور ساتھی اداکار شیزان خان کو مہاراشٹرا پولیس نے حراست میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیزان خان، تونیشا شرما کے کافی قریب سمجھے جاتے تھے۔ مردوں کے عالمی دن کے موقع پر اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اُن کے لیے محبت بھری پوسٹ بھی کی تھی۔
دوسری طرف 20 سالہ اداکارہ کے رشتے داروں نے شیزان خان پر تونیشا شرما کو پریشان کرنے کا الزام لگایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیزان خان نے رشتوں داروں کے الزام پر بتایا کہ اُن کی تونیشا شرما سے کچھ تلخیاں چل رہی تھیں، جس سے اداکارہ کو بہت دکھ پہنچا۔
گزشتہ روز تونیشا شرما کی والدہ نے شیزان خان پر اپنی بیٹی کی موت کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ بڑھایا۔
پولیس نے اس حوالے سے کہا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، اگر تونیشا شرما کے حاملہ ہونے کی تصدیق ہوئی تو موت کی تفتیش کا دائرہ قتل تک بڑھایا جاسکتا ہے۔
بھارتی پولیس نے معاملے کی تفتیش کے لیے شیزان خان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر شیزان کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات کے لیے شیزان خان کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا ہے۔