وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے لاہور میں جدید پروڈکشن اسٹوڈیو بنانے کا اعلان کیا ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ لاہور میں جدید سنیما کمپلیکس بھی بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی سابق صوبائی حکومت نے آرٹ، کلچر اور فلم کو بھی باقی شعبوں کی طرح تباہ کیا، ہماری حکومت لاہور کو دوبارہ آرٹ، کلچر اور فلم کا مرکز بنائے گی۔
وزیراعلیٰ نے لاہور میں فلم ڈائریکٹر و رائٹر سید نور سےملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ادارے فارابی اور ترکی کیساتھ مل کر فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے اقدامات کریں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ نوجوان فلم میکرز کو پروڈکشن کے نئے رجحانات کی ٹریننگ دلائی جائے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک ارب روپے سے آرٹسٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستحق فنکاروں کیلئے مالی امداد 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی ہے۔
اس موقع پر سید نور کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویزالہٰی آرٹ اور کلچر سے محبت رکھتے ہیں، فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے ان کے اقدامات خوش آئند ہیں۔