ٹی وی شو علی بابا کے سیٹ پر خودکشی کرنے والی بھارتی اداکارہ تونیشا شرما کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تونیشا شرما کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے اداکارہ کی خودکشی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے گلے پر پھندے کے نشانات موجود ہیں لیکن اس کے علاوہ ان کے جسم پر کسی اور چوٹ کے نشان نہیں ہیں۔
اداکارہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ایف اینڈ بی اسپتال نے ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد گزشتہ روز جاری کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے 24 دسمبر کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ آنجہانی اداکارہ کو ان کے ساتھی مردہ حالت میں اسپتال لے کر آئے تھے جس کی تصدیق فوری طور پر ای سی جی کی رپورٹ سے ہوگئی تھی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اداکارہ کی موت کی تصدیق شام 4:20 تک ہوگئی تھی، تاہم رات 9 بجے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا تھا۔
انہوں نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ اداکارہ کے جسم پر گردن پر گلا گُھٹنے کے گہرے نشانات کے علاوہ کوئی دوسرا نشان موجود نہیں۔
واضح رہے کہ 24 دسمبر کو تونیشا شرما نے ٹی وی شو علی بابا داستان کابل کے سیٹ پر میک اپ روم میں خودکشی کرلی تھی۔
اداکارہ کی موت کے بعد اس کی والدہ نے ان کے ساتھی اداکار شیزان خان پر الزام عائد کیا تھا جس پر پولیس نے اداکار کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے اس کیس کو لو جہاد کا رنگ دیا جا رہا ہے۔