• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اچھی صحت کیلئے بی کمپلیکس وٹامنز کی اہمیت

آپ کے جسم کوکئی غذائی گروپس کی ضرورت ہے، جن میں بی کمپلیکس وٹامنز بھی شامل ہیں۔ بی وٹامنز ایک ایسا غذائی گروپ ہے جو آپ کے جسم میں کئی اہم کام انجام دیتا ہے۔ یہ مختلف اقسام کی غذاؤں میں پایا جاتا ہے تاکہ لوگ ان وٹامنز کا تجویز کردہ وزن صرف اور صرف غذا کے ذریعے حاصل کرسکیں۔

تاہم مختلف صورتِ حال سے دوچار مختلف لوگوں کو بی وٹامنز کی کم یا زیادہ ضرورت پڑ سکتی ہے، جن میں عمر، حاملہ ہونا، غذائی پسند، طبی حالت، جینیاتی خصوصیات، ادویات کا استعمال اور الکوحل کا استعمال وغیرہ شامل ہیں۔

عمومی طور پر مندرجہ بالا تمام صورتِ حال میں ایک شخص کے جسم کو عمومی وزن سے زائد بی وٹامنز کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ غذائی سپلیمنٹ جن میں تمام کے تمام آٹھ بی وٹامنز موجود ہوتے ہیں، انھیں بی کمپلیکس وٹامنز یا وٹامن بی کمپلیکس کہا جاتا ہے۔ ذیل میں بی کمپلیکس وٹامنز کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

بی کمپلیکس وٹامنز کیا ہیں؟

عمومی طور پر تمام کے تمام آٹھ بی وٹامنز، بی کمپلیکس سپلیمنٹ کی ایک ہی گولی میں شامل کیے جاتے ہیں۔

بی وٹامنز پانی میں حل پذیر ہوتے ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کا جسم انہیں ذخیرہ نہیں کرتا۔ اس وجہ سے، آپ کو روزانہ غذا کے ذریعے ان کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔ یہ بہت سے اہم کام انجام دیتے ہیں اور اچھی صحت برقرار رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہوتے ہیں۔

بی کمپلیکس سپلیمنٹ میں عموماً درج ذیل وٹامنز شامل ہوتے ہیں:

بی -1(تھیامِن): غذائی اجزاء کو توانائی میں تبدیل کرکے تھیامن میٹابولزم میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سورج مکھی کا بیج اور گندم جرثومہ (Wheat germ) اس کے حصول کے بہترین ذرائع ہیں۔

بی-8 (ریبو فلاوین): ریبوفلاوین، غذا کو توانائی میں تبدیل کرنےکے علاوہ اینٹی آکسیڈنٹ کا کام بھی کرتا ہے۔ گوشت اور مشروم اس کے حصول کے بہترین ذرائع ہیں۔

بی -3(نیئاسِن): یہ وٹامن سیلولر سگنلنگ، میٹابولزم اور ڈی این اے کی پیداوار اور مرمت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مرغی کا گوشت، ٹونا اور دالیں اس کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔

بی-5(پینٹوتھینک ایسڈ): دیگر بی وٹامنز کی طرح یہ بھی غذا سے جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔ ساتھ ہی یہ ہارمون اور کولیسٹرول کی پیداوار میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔ کلیجی، مچھلی، دہی اور ایواکاڈو اس کو حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

بی-6 (پائری ڈوکسائن): اس کا امینو ایسڈ میٹابولزم، خون کے سرخ ذرات اور نیورو ٹرانسمٹر کی پیداوار میں کردار ہوتا ہے۔ چنے، سامن اور آلو اس کے حصول کے بہترین ذرائع ہیں۔

بی-7 (بائیو ٹِن): یہ کاربوہائیڈریٹ اور چربی کے میٹابولزم کے لیے لازمی وٹامن ہے اور جینیاتی اظہار کو قاعدے میں لاتا ہے۔ خمیرہ، انڈے، سامن، پنیر اور کلیجی اس کے حصول کے بہترین ذرائع ہیں۔

بی-9 (فولیٹ): خلیوں کی نمو، امینو ایسڈ میٹابولزم، خون اور سفید اور سرخ ذرات کی تیاری اور خلیوں کی باقاعدہ تقسیم کے لیے آپ کے جسم کو فولیٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔

بی-12 (کوبالا مِن): شاید یہ تمام بی وٹامنز میں سب سے اہم ہے، جو کہ نیورولاجیکل فنکشن، ڈی این اے پروڈکشن اور خون کے سرخ ذرات پیدا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ گوشت،انڈے، سمندری خوراک اور ڈیری مصنوعات اس کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔

ہرچندکہ ان وٹامنز میں کچھ مشترکہ خصوصیا ت بھی پائی جاتی ہیں لیکن ان سب کے کام ایک دوسرے سے منفرد ہیں اور انسانی جسم کو ان میں سے ہر وٹامن کی ضرورت بھی ایک جیسی نہیں ہوتی۔ ایک اور غذائی جزو ’کولائن‘ کو بھی پہلے بی کمپلیکس سمجھا جاتا تھا اور دونوں کے درمیان کچھ مماثلت بھی پائی جاتی ہے لیکن یہ ناتو وٹامن ہے اور ناہی معدنیات۔

بی کمپلیکس وٹامنز کسے لینے چاہئیں؟ 

چونکہ بی وٹامنز بہت ساری غذاؤں میں پائے جاتے ہیں، اس لیے آپ کو اس وقت تک کمی کا خطرہ نہیں ہوتا جب تک کہ آپ اچھی خوراک حاصل کررہے ہیں۔ تاہم، بعض حالات تقاضا کرتے ہیں کہ آپ بی وٹامنز کا استعمال بڑھائیں، ایسے میں بی کمپلیکس سپلیمنٹس ضروری ہوجاتے ہیں۔

حاملہ یا دودھ پلانے والی خواتین

حاملہ یا دودھ پلانے والی خواتین ، کو خاص طور پر ، بی کمپلیکس وٹامن کی ضرورت ہوتی ہے۔ حمل کے دوران، بی وٹامنز، خاص طور پر بی 12 اور فولیٹ کی مانگ جنین کی نشوونما میں اضافہ کرتی ہے۔

عمر کے مطابق ضروریات

انسان کی جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے، اس کے جسم میں بی کمپلیکس وٹامنز جذب کرنے کی صلاحیت بھی کم ہوتی جاتی ہے۔ ساتھ ہی عمر رسیدہ افراد کی خوراک بھی کم ہوجاتی ہے۔ ایسے میں کچھ لوگوں کے لیے صرف کھانے کے ذریعے بی کمپلیکس وٹامنز مطلوبہ مقدار میں حاصل کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

مخصوص طبی حالات

بعض طبی حالات میں مبتلا افراد، جیسے سیلیک بیماری، کینسر، کرون کی بیماری، شراب نوشی، ہائپوتھائیرائڈزم اور کشودا، بی وٹامنز سمیت غذائی اجزاء کی کمی کے لیے زیادہ حساس ہوتے ہیں۔

صحت پر مفید اثرات

اگرچہ بعض حالات کچھ لوگوں کے لیے بی کمپلیکس وٹامنز کی سپلیمنٹ کو ضروری بناتے ہیں۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ بی کمپلیکس سپلیمنٹ لینا ان لوگوں کے لیے بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے جن کو ان غذائی اجزاء کی زیادہ ضرورت نہیں ہے جیسے کہ:

٭ تناؤ کو کم اور خوشگوار موڈ بڑھانے کے لیے۔

٭ بی کمپلیکس وٹامنز اکثر تھکاوٹ کو کم کرنے اور موڈ کو اچھا کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

٭ اضطراب یا افسردگی کی علامات کو کم کر سکتے ہیں۔

صحت سے مزید