• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو ڈیفالٹ دیکھنے والوں کی خواہش پوری نہیں ہوئی، فیصل کریم کنڈی

وزیر مملکت برائے تخفیف غربت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہوتے دیکھنے والوں کی خواہش پوری نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کل جنیوا میں کانفرنس میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی، دنیا نے مشکل وقت میں مدد کی، جس پر ہم مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا تھا، موجودہ حکومت صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات اٹھا رہی ہے، پاکستان کو ڈیفالٹ ہوتا دیکھنے والوں کی خواہش پوری نہیں ہوئی۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں جو کٹوتی کرے گا، بھرپور ایکشن لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں شامل خواتین کےلیے مزید 55 ارب جاری کردیے جبکہ وسیلہ تعلیم کےلیے 13 ارب روپے ریلیز کر دیے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو للکارا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو جاں بوجھ کر مشکلات میں ڈالا جارہا ہے، عمران نیازی زمان پارک میں بیٹھنے کے بجائے دونوں وزرائےاعلیٰ کو مسائل حل کرنے کا کہیں۔

وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ عمران خان زمان پارک میں بیٹھ کر گندی سیاست کررہے ہیں، پی ٹی آئی دہشت گردوں کو پناہ دے رہی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں رکن اسمبلی نے پی ٹی آئی چھوڑی تو اُن کے گھر پر گرنیڈ سے حملہ کردیا گیا، عمران خان لیڈر ہے تو باہر نکل کر عوام کو اکٹھا کرے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے جو 15 ارب سیلاب زدگان کےلئے اکٹھے کئے، کہاں گئے، صدقہ خیرات کھانے والوں نے سیلاب متاثرین کی امداد بھی کھالی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی زمین بھی کسی ہمسائے کےخلاف استعمال نہیں ہونےدیں گے۔

قومی خبریں سے مزید