• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈکوچ بننے کی پیشکش مسترد کردی

سابق کوچ پاکستان مینز ٹیم مکی آرتھر - فوٹو: فائل
سابق کوچ پاکستان مینز ٹیم مکی آرتھر - فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کوچ مکی آرتھر نے دوسری بار پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈکوچ بننے کی پیشکش مسترد کردی۔ 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مکی آرتھر ڈربی شائر سے کنٹریکٹ کے باعث پی سی بی کے ساتھ فی الحال سالانہ بنیاد پر معاہدہ نہیں کرسکتے۔

مکی آرتھر زیادہ سے زیادہ کچھ ہفتوں کے لیے کنسلٹنٹ یا پی ایس ایل میں ہیڈکوچ کا کام کرسکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ مکی آرتھر نے ڈربی شائر کی انتظامیہ کو کاؤنٹی کلب کے ساتھ اپنی مصروفیات جاری رکھنے سے آگاہ کردیا۔

مکی آرتھر نے حال ہی میں ڈربی شائر کاؤنٹی کلب کے ساتھ 2025 تک کنٹریکٹ میں توسیع کی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مکی آرتھر سے ہیڈ کوچ کے کے لیے بات چیت ختم ہونے کی تصدیق کردی۔ 

ترجمان پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر کو تین سال کے لیے ہیڈ کوچ بنانے کے لیے رابطہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مکی آرتھر کی مصروفیات کی وجہ سے کنسلٹنٹ کے عہدے کے لیے بھی بات کی گئی تھی، بعض وجوہات کی بنیاد پر کنسلٹنٹ کے عہدے پر بھی پیشرفت ممکن نہ ہوسکی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ بہترین ہیڈ کوچ کے لیے تلاش جاری رکھے گا، ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے بعض بڑے نام زیر غور ہیں۔

خیال رہے کہ مکی آرتھر بطور ہیڈ کوچ 2016 سے 2019 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک رہے۔

ان کی کوچنگ کے دوران ہی پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتا تھا۔ 

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈکوچ بننے کی پیشکش کی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید