کوہاٹ(صباح نیوز)تحصیل ناظم کوہاٹ تیمورعلی خان نے بازار میں ہاتھ گاڑیوں اور دکانوں پر کاروبار کرنے والے افغان شہریوں کو، اپنا کاروبار عید الفطر تک سمیٹنے کی آخری مہلت دے دی۔انہوں نے افغان شہریوں سے کہا ہے کہ وہ رمضان کے دوران پرانے جیل گرائونڈ علاقے کے سستے بازار منتقل ہوجائیں، لیکن مقامی عمائدین، جنہوں نے اپنی دکانوں کے اگلے حصے ان افغان شہریوں کو کرائے پر دے رکھے ہیں، دوبارہ انہیں بچانے کے لیے میدان میں آگئے ہیں۔تیمورعلی خان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں رہنے والے افغان شہری کھانے پینے اور بجلی کے مقامی وسائل پر بوجھ ہیں۔ان افغان شہریوں کو اب عید الفطر کی آخری مہلت دی گئی ہے، جس کے بعد علاقے میں کسی غیر ملکی کو رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تحصیل ناظم کوہاٹ نے دعوی کیا کہ انہوں نے تحصیل میونسپل انتظامیہ میں کرپشن اور شاہانہ اخراجات پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے، جبکہ وہ کمیشن مافیا کے خاتمے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازوں کو رقم پینے کے پانی کی کمی اور شہر کی صفائی جیسے اصل مسائل پر خرچ کرنی چاہیے۔