• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غربت دیکھنے والے عبدو لگژری گاڑیوں کے مالک کیسے بن گئے؟

چھوٹے قد والے تاجکستانی سنگر عبدو روزک بھارت کے ریئلٹی شو بگ باس کے کھلاڑی بننے کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچے، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ بچپن میں عبدو اتنے غریب تھے کہ انہیں پیسوں کیلئے گلیوں میں گانا پڑتا تھا۔

 حیرت انگیز بات اور قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ عبدو نے کبھی بھی گائیکی کی تربیت نہیں لی، یہ انہیں خدا کی طرف سے ایک تحفہ ملا اور اسی تحفے نے ہی ان کی زندگی بدل دی۔

عبدو روزک بچپن میں اپنا پیٹ پالنے کیلئے تاجکستان کی گلیوں میں گانا گاتے تھے تو لوگ انہیں پیسے دے دیا کرتے تھے، ان کی ایسی ہی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں عبدو گانا گانے کے بعد روتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن پھر ایک دن عبدو کی ملاقات بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان سے ہوئی اور اس ملاقات نے ان کی زندگی یکسر بدل دی۔


ابوظہبی میں ہونے والی ملاقات میں عبدو نے سلمان خان کو کچھ ہندی گانے سنائے جو انہیں بے حد پسند آئے جس پر اداکار نے عبدو کو بگ باس میں بطور کھلاڑی حصہ لینے کیلئے مدعو کیا، پھر جب سلمان خان نے بگ باس سیزن سولہ کے پہلے کھلاڑی کے طور پر عبدو کو میڈیا کے سامنے پیش کیا تو وہ راتوں رات مشہور ہو گئے، جس کے بعد عبدو نے خوب شہرت سمیٹی۔

عبدو کے پاس اب اپنا شاہانہ گھر ہے اور وہ کئی لگژری گاڑیوں کے بھی مالک بن چکے ہیں، اب عبدو کا شمار بگ باس کے امیر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ عبدو کا دعویٰ ہے کہ وہ دنیا کا سب سے چھوٹے قد  والا گلوکار ہے۔

عبدو کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس رہنے کے لیے ایسا گھر تھا جس کی چھت بارش میں ٹپکتی تھی، شہرت ملنے کے بعد میں نے اپنے گھر والوں کیلئے ایک اچھا گھر خریدا، قد نہ بڑھنے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بچپن میں سوکھے کی بیماری کا شکار ہوگیا تھا، اس وقت خاندان کے مالی حالات خراب ہونے کی وجہ سے علاج نہیں کروا سکتے، نتیجہ یہ نکلا کہ جسم کی نشونما رک گئی تھی، عبدو جب 16 برس کے تھے تو ان کا وزن 12 کلوگرام تھا۔

خاص رپورٹ سے مزید