لاہور میں نجی اسکول میں طالبہ پر ساتھیوں کی جانب سے تشدد کیے جانے کے واقعے پر اداکارہ مشی خان نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں مشی خان نے کہا کہ اسکول میں لڑکی کو اس کی ساتھیوں نے بہت ہی بری طرح سے مارا پیٹا اور بالوں سے گھسیٹا، مگر افسوس اس بات کا ہے ان کی ضمانت ہوگئی ہے۔
مشی خان نے کہا کہ ضمانت ملنے کے بعد وہ لڑکیاں بھی اپنے دوستوں کو کہہ رہی ہوں گی کہ آپ کچھ بھی کر لیں، مگر قانون کچھ بھی نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے لڑکیوں اور لڑکوں کو اور بھی شہ ملے گی کہ آپ کچھ بھی کرلیں مگر ہونا کچھ بھی نہیں کیونکہ یہاں کا سسٹم ہی ٹھیک نہیں ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کے ماں باپ کی بھی چھترول کرنے کی ضرورت ہے، جو ایسے بچے معاشرے میں یوں ہی چھوڑ دیتے ہیں جنہیں نہ تمیز ہے نہ تہذیب ہے اور نہ ہی ان میں کوئی انسانیت ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس کے نجی اسکول کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں طالبات کی جانب سے ساتھی طالبہ پر شدید تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں حملہ آور لڑکیاں متاثرہ طالبہ کو معافی مانگنے کا کہہ رہی ہیں، متاثرہ لڑکی ان سے بال چھوڑنے کی اپیل کرتی ہے لیکن حملہ آور لڑکیاں اسے فرش پر گرا کر تشدد کرتی ہیں۔
پولیس کے مطابق حملہ آور لڑکیوں نے عدالت سے عبوری ضمانت کروالی ہے۔
خیال رہے کہ طالبہ پر تشدد کا واقعہ دو روز قبل نجی اسکول میں پیش آیا تھا۔